نئی دہلی: سپریم کورٹ نے منگل کو صحافیوں کے ڈیجیٹل آلات کو ضبط کرنے پر سخت تشویش کا اظہار کیا اور مرکز سے کہا کہ وہ تحقیقاتی ایجنسیوں کے اختیارات کو کنٹرول کرنے کیلئے بہتر رہنما اصول لائے۔ جسٹس سنجے کشن کول اور جسٹس سدھانشو دھولیا کی بنچ فاؤنڈیشن فار میڈیا پروفیشنلز کی درخواست پر سماعت کر رہی تھی۔پی آئی ایل میں سپریم کورٹ سے اپیل کی گئی تھی کہ وہ قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کی بیجا مداخلت کے خلاف حفاظتی اقدامات کرے اور ڈیجیٹل آلات کو ضبط کرنے کیلئے رہنما خطوط وضع کرے۔ایڈیشنل سالیسٹر جنرل ایس وی راجو مرکز کی طرف سے پیش ہوئے اور بتایا کہ کیس میں بہت سے پیچیدہ قانونی مسائل شامل ہیں اور بنچ سے درخواست کی کہ سماعت کو فی الحال ملتوی کیا جائے۔کیس کی سماعت کرتے ہوئے جسٹس کول نے ریمارکس دئے کہ ایجنسیوں کی طاقت کو قبول کرنا بہت مشکل ہے۔