مہاراشٹرا میں 43 فیصد پیداوار، گجرات ، آندھراپردیش اور کرناٹک میں بھی انار کی پیداوار میں اضافہ
حیدرآباد۔24۔ ستمبر (سیاست نیوز) صحت بخش فروٹس کے معاملہ میں انار کو ماہرین نے ہمیشہ ترجیح دی ہے۔ یوں تو تمام میوہ جات کسی نہ کسی اعتبار سے صحت کیلئے فائدہ مند ہیں لیکن ان میں انار کی خصوصیات مختلف ہے۔ ڈاکٹرس کے علاوہ حکماء بھی مختلف عوارض سے نجات اور بچاؤ کیلئے انار کے استعمال کی سفارش کرتے ہیں۔ ہندوستان میں انار کی پیداوار میں مہاراشٹرا سرفہرست ہے جہاں ملک کی مجموعی پیداوار کا 43.44 فیصد انار پایا جاتا ہے۔ ریاستوں کے اعتبار سے انار کی پیداوار بھی مختلف پائی گئی ہے۔ موثر ماحولیاتی نظام اور پیداوار سے کسانوں کو ہونے والی آمدنی کی بنیاد پر انار کی پیداوار کا انحصار ہے۔ ملک کی مجموعی پیداوار میں گجرات 22.22 فیصد حصہ داری کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ آندھراپردیش میں انار کی پیداوار قومی پیداوار کا 12.4 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ جن دیگر ریاستوں میں انار کی بہتر پیداوار درج کی گئی ہے ، ان میں کرناٹک ، راجستھان ، مدھیہ پردیش اور تلنگانہ شامل ہیں۔ تلنگانہ میں انار کی پیداوار مجموعی قومی پیداوار کا تقریباً ایک فیصد ہے۔ گزشتہ دو برسوں میں ملک بھر میں انار کی پیداوار بہتر رہی اور مختلف ریاستوں سے تلنگانہ کے شہروں میں انار فروخت کیلئے منتقل کیا جارہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ انار کی دیگر ممالک کو برآمدات کے باوجود زائد پیداوار کے نتیجہ میں قیمتوں میں کمی کا رجحان برقرار رہے گا۔ 1/k/m/b