دو مرحلوں میں 5000 نوجوانوں کو قرض جاری کرنے کا اعلان ، نئے رہنمایانہ خطوط کی عنقریب اجرائی
حیدرآباد ۔ 12 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : صدر نشین ریاستی اقلیتی مالیاتی کارپوریشن امتیاز اسحاق نے کارپوریشن کو حکومت کی جانب سے 50 کروڑ روپئے کی اجرائی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ بیروزگار اقلیتی نوجوانوں کو خود روزگار حاصل کرنے کے لیے قرض کی اجرائی سے متعلق نئے رہنمایانہ خطوط جاری کئے جائیں گے ۔ امتیاز اسحاق نے آج فینانس کارپوریشن کے اعلیٰ عہدیداروں کا اجلاس طلب کرتے ہوئے کارپوریشن کی مختلف اسکیمات کی عمل آوری کے لیے درکار بجٹ اور دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا ۔ بعد ازاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر نشین اقلیتی مالیاتی کارپوریشن امتیاز اسحاق نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر اقلیتوں کی ترقی فلاح و بہبود کے معاملے میں عہد کے پابند ہیں ۔ بہت جلد ریاست کے بیروزگار اقلیتی نوجوانوں کو خود روزگار فراہم کرنے کے لیے قرضہ جات کی اجرائی کا آغاز کیا جائے گا ۔ پہلے مرحلے میں 3500 افراد کو ایک لاکھ روپئے تک بنکوں سے مربوط سبسیڈی قرض فراہم کیا جائے گا ۔ دوسرے مرحلے میں مزید 1500 افراد کو بنکوں سے مربوط سبسیڈی پر مشتمل 2 لاکھ روپئے تک قرض جاری کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ قرض کی اجرائی کے لیے عنقریب نئے رہنمایانہ خطوط جاری کئے جائیں گے ۔ جس کی تیاری کی جارہی ہے ۔ امتیاز اسحاق نے کہا کہ قرض کے لیے ماضی میں کارپوریشن کو جو درخواستیں داخل کی گئی تھیں ان درخواستوں کو مسترد کردیا گیا ہے ۔ لہذا قرض حاصل کرنے والوں سے خواہش کی گئی ہے وہ دوبارہ آن لائن میں نئی درخواستیں داخل کریں ۔ میرٹ کی بنیاد پر قرض کی اجرائی کو یقینی بنایا جائے گا ۔ صدر نشین اقلیتی مالیاتی کارپوریشن نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت اقلیتوں کی خوشحالی کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کررہی ہے ۔ تاحال مختلف اسکیمات کے تحت 9 ہزار کروڑ روپئے خرچ کئے گئے ہیں ۔ قرض کی اجرائی کے لیے کارپوریشن کے دفتر میں ایک ہیلپ ڈیسک بھی قائم کیا جائے گا ۔ جس کے ذریعہ نوجوانوں کی رہنمائی کی جائے گی۔۔ن