صدر نشین وقف بورڈ مسیح اللہ خان کی مفتی خلیل احمد سے ملاقات

   

حیدرآباد۔12 مئی (سیاست نیوز) صدرنشین وقف بورڈ جناب محمد مسیح اللہ خان نے جامعہ نظامیہ پہنچ کر مولانا مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ سے ملاقات کی اور بانیٔ جامعہ فضیلت جنگ بہادر حضرت محمد انوار اللہ فاروقی ؒ کی مزار پر فاتحہ خوانی کی ۔جناب محمد مسیح اللہ خان نے شیخ الجامعہ کے ہمراہ نو تعمیر شدہ شیخ الاسلامؒ آڈیٹوریم کا معائنہ کیااور کہا کہ جلد ہی آڈیٹوریم کے افتتاح کیلئے چیف منسٹر سے وقت لیا جائیگا۔ انہو ںنے مولانا مفتی خلیل احمد سے خواہش کی کہ وہ اوقافی امور میں رہنمائی کریں تاکہ تلنگانہ کی اوقافی جائیدادوں کے تحفظ اور آمدنی میں اضافہ سے ملت کی ترقی کو یقینی بنایا جاسکے ۔ مولانا مفتی خلیل احمد نے صدرنشین وقف بورڈ کو دعاء دی اور کہا کہ انہیں امید ہے کہ جس طرح سابق میں انہوں نے حج کمیٹی میں مثالی خدمات انجام دی ہیں اسی طرح وقف بورڈ میں بھی اپنی ذمہ داریوں کو بخوبی ادا کریں گے۔ محمد مسیح اللہ خان نے شیخ الاسلام ؒ آڈیٹیوریم کے افتتاح کے علاوہ اوقافی جائیدادوں کے تحفظ اور ان کی ترقی کے ذریعہ مسلمانوں کی ترقی کو یقینی بنانے مولانا مفتی خلیل احمد سے مشاورت کی اور تیقن دیا کہ اوقافی امور سے متعلق فیصلوں میں علمائے اکرام کی رائے لی جائے گی۔