!صرف موٹر سائیکل رانوں کو ہی ماسک کا لزوم

   

تجارتی اداروں میں ماسک نظر انداز ، موٹر سائیکل رانوں کو چالانات کا انبار
حیدرآباد۔22نومبر(سیاست نیوز) ماسک کے لزوم شہریوں پر ہے یا موٹرسیکل رانوں پر اس بات کی وضاحت ہونی چاہئے ! ریاست تلنگانہ میں کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کیلئے ماسک کے لزوم کے سلسلہ میں جاری کردہ احکامات کے مطابق ماسک کا استعمال نہ کرنے کی صورت میں 1000 روپئے چالان کی گنجائش رکھی گئی ہے لیکن موٹر سیکل راں اس چالان سے پریشان ہیں اور ان کا کہناہے کہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ احکامات کا اطلاق کیا صرف موٹر سیکل رانوں پر ہی ہوگا یا تمام شہریوں کے لئے ماسک کا لزوم عائد کیا گیا ہے کیونکہ بازاروں اور تجارتی اداروں میں ماسک کے بغیر کئی شہری گھوم رہے ہیں اور عہدیداروں کی جانب سے عوامی مقامات پر بھی ماسک کا استعمال نہیں کیا جا رہاہے اور مریضوں کی عیادت کے دوران بھی اعلیٰ عہدیدارماسک کا استعمال نہیں کر رہے ہیں لیکن اس کے باوجود موٹرسیکل رانوں کو 1000 روپئے ماسک کے بغیر گھومنے پر چالان ادا کرنا پڑرہا ہے۔ شہر حیدرآباد میں پولیس بالخصوص ٹریفک پولیس کی جانب سے کئے جانے والے چالانات میں تصویر کو بطور ثبوت پیش کرتے ہوئے چالان کیا جا رہاہے جبکہ سڑکوں‘ بازاروں ‘ تجارتی اداروں ‘ شاپنگ مالس کے علاوہ سرکاری دفاتر میں 95 فیصد شہریوں کی جانب سے ماسک کا استعمال نہیں کیا جا رہاہے اس کے باوجود ان پر کوئی کاروائی نہیں کی جا رہی اس کے برعکس موٹر سیکل رانوں کو چالان کئے جارہے ہیں۔شہر کے بیشتر علاقو ںمیں ٹریفک پولیس اہلکاروں کی جانب سے خفیہ طور پر کھڑے ہوکر ویڈیو گرافی کی جا رہی ہے اور ان ویڈیوز سے تصاویر نکالی جا رہی ہیں جن میں اگر ہیلمٹ یا دیگر چالان کی صورت نہیں بن رہی ہے تو ایسی صورت میں ماسک کا استعمال نہیں کیا گیا ہے اس کا چالان کیا جا رہاہے۔ ریاستی حکومت بالخصوص محکمہ داخلہ ‘ صحت اور بلدی نظم و نسق کے عہدیداروں کو چاہئے کہ وہ اس سلسلہ میں واضح ہدایات جاری کریں کہ آیا ماسک کے استعمال کا لزوم صرف موٹر سیکل رانوں پر عائد ہے اور اگر نہیں تو موٹر سیکل رانوں کے علاوہ کتنے لوگوں کو ماسک کا استعمال نہ کرنے پر چالان کئے گئے ہیں! حکومت کی جانب سے ماسک کا لزوم عائد ہے یا نہیں اس سلسلہ میں چیف سیکریٹری کو وضاحت کرنی چاہئے کیونکہ بڑی تعداد میں شہریو ںکی جانب سے ماسک کا استعمال نہ کئے جانے کے باوجودایسا لگنے لگا ہے کہ محض موٹر سیکل رانو ںکو چالان کرنے کے لئے ماسک کے لزوم کی شرط کا استعمال کیا جا رہاہے۔م