طلبہ تعلیم کے ساتھ کھیل کود کی سرگرمیوں میں اپنے جوہر دکھائے

   

صلاحیتیں رکھنے والے کھلاڑیوں کی حکومت مکمل حوصلہ افزائی کرے گی، وزیر سرینواس یادو
حیدرآباد ۔ 30 اپریل (سیاست نیوز) ریاستی وزیر سنیماٹوگرافی ٹی سرینواس یادو نے طلبہ کو تعلیم کے ساتھ کھیل کود کی سرگرمیوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے حیدرآباد کے ویسٹ ماریڈ پلی میں فری سمر کوچنگ کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ سرینواس یادو نے کہا کہ کھیل کود کی سرگرمیوں میں حصہ لینے سے ذہنی دباؤ سے نجات حاصل ہوگی اور جسمانی طور پر بھی صحتمند رہیں گے۔ اسپورٹس کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے تلنگانہ کی حکومت بڑے پیمانے پر اقدامات کررہی ہے اور مختلف کھیلوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی بھی کررہی ہے۔ وزیرنے کہا کہ دھوپ اور گرمی کی شدت ہے۔ تربیت کے دوران طلبہ احتیاطی اقدامات کریں۔ تلنگانہ سے کئی کھلاڑیوں نے ریاستی، قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے ہیں اور تلنگانہ کا نام روشن بھی کیا ہے۔ انہیں مثال بناتے ہوئے طلبہ اپنے اپنے کھیلوں میں مہارات دکھائے۔ ٹی سرینواس یادو نے کہا کہ جی ایچ ایم سی کے حدود میں جملہ 6 زونس میں 854 سمر کوچنگ کیمپس منعقد کیا ہے۔ ان کیمپس میں اتھلیٹکس، بال بیڈمنٹن، باسٹک بال، باکسنگ، کراٹے، سوئمنگ، ٹیبل ٹینس، والی بال، ویٹ لفٹنگ، ریسلنگ کے علاوہ جملہ 44 اقسام کے کھیلوں کی تربیت فراہم کی جارہی ہے۔ ایک ماہ تک تربیتی کیمپ جاری رہے گا۔ اس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کا طلبہ کو مشورہ دیا۔ن