عازمین حج کیلئے پہلا تربیتی کیمپ 18 مئی کو منعقد ہوگا

   

تلنگانہ سے 1534 پاسپورٹس ممبئی روانہ، محمد سلیم کا عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس
حیدرآباد۔12۔ مئی (سیاست نیوز) حج 2022 ء کے منتخب عازمین کیلئے تلنگانہ حج کمیٹی کی جانب سے پہلا تربیتی کیمپ 18 مئی کو ہائی ٹیک گارڈن فنکشن ہال ملک پیٹ میں منعقد ہوگا ۔ صدرنشین حج کمیٹی الحاج محمد سلیم نے آج اگزیکیٹیو آفیسر بی شفیع اللہ اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ شہر اور اضلاع میں تربیتی کیمپس کے انعقاد کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے بتایا کہ 18 مئی کو صبح 10.30 تا شام 5.00 بجے تربیتی کیمپ میں علمائے اکرام شرکت کریں گے ۔ ارکان حج کی عملی تربیت دی جائے گی اور فضائل حج بیان کئے جائیں گے ۔ انہوں نے گریٹر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے عازمین سے شرکت کی اپیل کی ہے ۔ وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور ، وزیر داخلہ محمد محمود علی اور اقلیتی بہبود کے اعلیٰ عہدیدار شرکت کریں گے ۔ دوسرا تربیتی کیمپ 22 مئی کو مسجد ٹیک نامپلی میں منعقد ہوگا ۔ اضلاع سے تعلق رکھنے والی کمیٹیوں سے مشاورت کے بعد اضلاع کے پروگرام کو قطعیت دی جائے گی۔ محمد سلیم نے بتایا کہ حج تربیتی کیمپس کے انعقاد کا مقصد عازمین کو مناسک حج کی بہتر ادائیگی اور زیارت مقامات مقدسہ کی تربیت فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حج کمیٹی کے لئے الاٹ کردہ 1818 عازمین میں سے 1534 نے اپنے پاسپورٹ حج کمیٹی میں جمع کرادیئے ہیں جنہیں حج کمیٹی آف انڈیا ممبئی روانہ کردیا گیا ہے تاکہ ویزا انڈاسمنٹ کی کارروائی مکمل کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ پہلی قسط کے طور پر 81,000 روپئے جمع کرنے کے بعد عازمین نے اوریجنل پاسپورٹ اور دیگر دستاویزات حج کمیٹی میں جمع کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ حج انتظامات کیلئے وقت کافی کم ہے ، لہذا منتخب عازمین کو حج کمیٹی کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے مقررہ وقت پر دوسری قسط جمع کرنی چاہئے ۔ عازمین حج کسی بھی معلومات کیلئے تلنگانہ حج کمیٹی کے دفتر واقع حج ہاؤز نامپلی سے رجوع ہوسکتے ہیں۔ر