عازمین حج کے انتظامات کیلئے حکومت کی جانب سے 3 کروڑ کی منظوری

   

پہلے تربیتی کیمپ کا افتتاح، مولانا مفتی خلیل احمد، محمد علی شبیر اور دوسروںکا خطاب
حیدرآباد۔/25فروری،( سیاست نیوز ) تلنگانہ حج کمیٹی کے عازمین کو بہتر خدمات کی فراہمی میں تلنگانہ حکومت سنجیدہ ہے اور چیف منسٹر ریونت ریڈی نے حج کمیٹی کے بجٹ کو 2 کروڑ سے بڑھا کر 3 کروڑ کردیا ہے۔ حکومت کے مشیر برائے اقلیت و کمزور طبقات محمد علی شبیر نے آج ملک پیٹ میں تلنگانہ حج کمیٹی کے پہلے تربیتی کیمپ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے محمد علی شبیر نے عازمین حج کو مشورہ دیا کہ وہ ایام حج کے دوران غیر معمولی صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور دنیاوی امور پر توجہ دینے کے بجائے عبادات میں زیادہ وقت صرف کریں۔ انہوں نے کہا کہ حج کی عبادت میں صبر و استقلال کو ترجیح دی گئی ہے۔ سعودی عرب روانگی سے لے کر وطن واپسی تک عازمین حج کو عبادات اور دعاؤں پر توجہ دینی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ اپنے گھر کی حاضری کیلئے جن افراد کا انتخاب کرتا ہے وہ یقیناً خوش نصیب ہیں۔ محمد علی شبیر نے ملک میں امن و امان اور ترقی کیلئے دعا کی اپیل کی۔ مولانا مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ نے مناسک حج کی تفصیلات بیان کیں اور کہا کہ مناسک حج میں تین فرائض کو ہرگز ترک نہ کریں جن میں احرام کا باندھنا، وقوفِ عرفات اور طواف کعبہ شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ واجبات کا نعم البدل ہوسکتا ہے لیکن فرائض کا نہیں۔ مولانا مفتی تجمل حسین نے حج اور عمرہ کے دوران کی جانے والی احتیاط اور مراسم کی تفصیلات پیش کیں۔ رکن اسمبلی احمد بلعلہ، صدرنشین وقف بورڈ سید عظمت اللہ حسینی، سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے بھی عازمین حج سے خطاب کیا۔ ایگزیکیٹو آفیسر حج کمیٹی لیاقت حسین نے حج کمیٹی کی جانب سے کئے جانے والے انتظامات کی تفصیلات بیان کی۔ انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد امبارکیشن پوائنٹ سے 11000 سے زائد عازمین کی روانگی عمل میں آئے گی۔ حج تربیتی کیمپ میں سینکڑوں کی تعداد میں عازمین نے شرکت کی جو عصر تک جاری رہا۔ اسسٹنٹ ایگزیکیٹوآفیسر عرفان شریف نے شکریہ ادا کیا۔1