عثمانیہ یونیورسٹی کی تاریخی باؤلی کا تحفظ کرنے کے ٹی آر کی ہدایت

   


نصیر ناشو کے ٹوئیٹ پر کے ٹی آر کی اروند کمار کو توجہ دہانی
تہذیبی ورثے کے تحفظ کے اقدامات
حیدرآباد۔/8 جنوری، ( سیاست نیوز) وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ نے اسپیشل چیف سکریٹری بلدی نظم و نسق اروند کمار سے خواہش کی ہے کہ عثمانیہ یونیورسٹی کی تاریخی باؤلی کے تحفظ کے اقدامات کریں۔ انہوں نے عثمانیہ یونیورسٹی کے طالب علم نصیر ناشو کے ٹوئیٹ کا جواب دیتے ہوئے اروند کمار سے خواہش کی کہ وہ وائس چانسلر عثمانیہ یونیورسٹی سے مشاورت کے ذریعہ تاریخی باؤلی کے تحفظ کے اقدامات کریں۔ نصیر ناشو نے ٹوئٹر پر عثمانیہ یونیورسٹی کی قدیم اور تاریخی باؤلی کی تصاویر کے ساتھ کے ٹی آر کو لکھا کہ براہ کرم میرے کالج کی ہیرٹیج باؤلی کی بحالی کے اقدامات کریں۔ یونیورسٹی کالج آف ایجوکیشن کے تحت یہ باؤلی موجود ہے۔ انہوں نے کے ٹی آر کے علاوہ عثمانیہ یونیورسٹی اور جی ایچ ایم سی حکام کو ٹوئیٹ کیا۔ اس ٹوئیٹ پر کے ٹی آر نے مثبت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسپیشل چیف سکریٹری بلدی نظم و نسق کو اس جانب توجہ دینے کی ہدایت دی ہے۔ حیدرآباد میں کئی تاریخی باؤلیاں موجود ہیں اور حکومت نے حال ہی میں سیڑھیوں کی دو باؤلیوں کو بحال کیا ہے۔ عثمانیہ یونیورسٹی کی باؤلی 1798 میں چندا بائی نے تعمیر کرائی تھی۔ وہ آصف جاہی دور حکومت کی معزز شخصیتوں میں شامل تھیں۔ یہ تاریخی باؤلی سیڑھیوں کی باؤلی سے مشہور ہے جو زبوں حالی کا شکار ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ باؤلی کا ایک حصہ منہدم ہوچکا ہے۔ عثمانیہ یونیورسٹی کی یہ باؤلی ثقافتی ورثہ کا حصہ ہے اور اس کی بحالی کی صورت میں یونیورسٹی میں ایک تاریخی ورثے کی بحالی ہوگی۔ تلنگانہ حکومت نے باؤلیوں کی بحالی کے ذریعہ سیاحتی مقامات میں تبدیلی کے اقدامات کئے ہیں۔ر