شاد نگر سرکاری ہاسپٹل کی نئی عمارت کے کاموں کا معائنہ، ایڈیشنل کلکٹر کا دورہ، تعلیمی صورتحال کا بھی جائزہ
شادنگر۔ 6 اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) عوام کو فراہم کی جانے والی سرکاری طبی خدمات کا براہِ راست جائزہ لیتے ہوئے، مسائل کی نشاندہی کرکے ان کے حل کے لیے اقدامات کرنے کی غرض سے رنگاریڈی ضلع ایڈیشنل کلکٹر ڈاکٹر کرن مائی نے شادنگر کا دورہ کیا۔ منگل کے روز شادنگر شہر میں واقع 50 بستروں والے کمیونٹی ہیلتھ سنٹر کا اچانک معائنہ کرتے ہوئے انہوں نے ہاسپٹل میں فراہم کی جانے والی طبی خدمات، عملے کی حاضری اور مریضوں کو دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔ ایڈیشنل کلکٹر نے ہاسپٹل کے لیے تعمیر کیے جانے والے نئے عمارت کے تعمیراتی کاموں کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ تعمیراتی ادارے کے عہدیداروں اور پی جی ایم ایس آئی ڈی سی کے انجینئر سے عمارت کی تعمیر کی پیش رفت کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ مزید ڈیڑھ سے دو ماہ میں تعمیراتی کام مکمل ہونے کا امکان ہے۔ ڈاکٹر کرن مائی نے کہا کہ نئی عمارت دستیاب ہونے کے بعد زیادہ تر طبی خدمات کو وہاں منتقل کرنے سے مریضوں کو مزید بہتر طبی سہولیات فراہم کی جاسکیں گی۔ ایڈیشنل کلکٹر ڈاکٹر کرن مائی نے دیہی علاقوں میں خدمات انجام دینے والے آر ایم پی اور پی ایم پی طبی عملے کو اپنی مقررہ حدود میں رہ کر خدمات انجام دینے کی ہدایت دی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کی خدمات صرف ابتدائی علاج اور فرسٹ ایڈ فراہم کرنے تک محدود ہونی چاہئیں، جبکہ مکمل اور حتمی علاج صرف مجاز اور اہل ڈاکٹروں ہی کو کرنا چاہیے۔ انہوں نے انتباہ کیا کہ اگر آر ایم پیز اور پی ایم پیز کی جانب سے اپنی حدود سے تجاوز کرتے ہوئے حتمی علاج، سرجری یا معمولی آپریشن کیے جانے کے واقعات ان کے علم میں آئے تو فوری کارروائی کی جائے گی۔ ضرورت پڑنے پر فوجداری مقدمات بھی درج کیے جائیں گے۔ بعد ازاں ڈاکٹر کرن مائی نے گرلز اسکول کا دورہ کیا اور طالبات سے بات چیت کی۔ اسکول کے احاطہ میں پودے لگانے کے بعد انہوں نے طالبات کی صلاحیتوں، تعلیم اور دیگر امور کے بارے میں ان سے گفتگو کی۔ کمیونٹی ہیلتھ سنٹر کے احاطہ میں واقع جیون دھارا جنیرک ادویات کی دکان کا بھی ایڈیشنل کلکٹر نے خصوصی طور پر معائنہ کیا۔ اس دورے کے موقع پر سرکاری کمیونٹی ہاسپٹل کے ایگزیکٹیو آفیسر ڈاکٹر وشنو وردھن، فرخنگر منڈل تحصیلدار ناگیا، میونسپل کمشنر سنیتا ریڈی اور دیگر عہدیداران ایڈیشنل کلکٹر کے ہمراہ موجود تھے۔