عوام کو گمراہ کرکے سابقہ حکومت کو بدنام کرنے کی کوشش

   

بی آر ایس دورحکومت کے اعلامیوں پر تقررات، سابق وزیر ٹی ہریش راؤ کی حکومت پر تنقید
حیدرآباد۔2۔نومبر۔(سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت عوام کو گمراہ کر تے ہوئے سابقہ حکومت کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہی ہے جبکہ کانگریس نے اقتدار حاصل کرنے کے بعد جو تقررنامہ حوالہ کرتے ہوئے اپنی حکومت کی جانب سے ملازمتوں کی فراہمی کے دعوے کر رہی ہے وہ بھی دراصل سابق حکومت کی جانب سے جاری کئے جانے والے ملازمتوں کے اعلامیہ اور امتحانات کے انعقاد کے عمل کو مکمل کئے جانے کے سبب ہی ممکن ہوا ہے۔ سابق ریاستی وزیرفینانس مسٹر ٹی ہریش راؤ نے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کانگریس نے اقتدار میں آنے سے قبل ہر سال 2لاکھ ملازمتوں کی فراہمی کا وعدہ کیا تھا لیکن اقتدار حاصل کرنے کے بعد 10 فیصد بھی اس نشانہ کو مکمل نہیں کیاگیا ہے۔ ہریش راؤ نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ حکومت غریب عوام کے مکانات کو منہدم ہونے سے بچانے کے لئے ڈھال بننے والوں کے افرادخاندان کو نشانہ بناتے ہوئے انہیں ہراساں کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ حکومت نے اقتدار حاصل کرنے کے بعد سابقہ حکومت کی جانب سے شروع کی گئی عوام کی فلاح و بہبود کی کئی اسکیمات کو بند کردیا ہے جس کے نتیجہ میں عوام کو شدید مشکلات کاسامنا کرنا پڑرہا ہے۔ انہوں نے رعیتو بندھو‘ کے سی آر کٹ‘ نیوٹریشن کٹ‘ اسکولوں میں ناشتہ کی اسکیم کے علاوہ وظیفہ پیرانہ سالی کو بند کئے جانے کے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت نے کسانوں اور زرعی مزدوروں سے کئے گئے وعدہ کو بھی پورا نہیں کیا جبکہ 9ڈسمبر 2023 کو کسانوں کے قرض معاف کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن اب تک بھی کسان اپنے قرض کے معاف کئے جانے کا انتظار کر رہے ہیں۔ مسٹر ہریش راؤ نے کہا کہ کانگریس نے اقتدار حاصل کرنے سے قبل اس بات کا وعدہ کیا تھا کہ اندرون 100یوم کانگریس اپنی ضمانتوں پر عمل آوری کو یقینی بنائے گی لیکن اب 300 سے زائد دن گذر چکے ہیں لیکن کانگریس قائدین کے پاس ضمانتوں پر عمل آوری کے سلسلہ میں کوئی جواب نہیں ہے۔ انہو ںنے کہاکہ حکومت تلنگانہ ہر محاذ پر ناکام ہونے کے علاوہ عوام سے کئے گئے وعدوں کو پور انہیں کرپارہی ہے۔ مسٹر ہریش راؤ نے بی سی بندھوکے علاوہ دلت بندھو اسکیم کو روک دیئے جانے کے متعلق استفسار کیا اور کہا کہ شادی مبارک اور کلیان لکشمی اسکیم میں کانگریس کی جانب سے اضافہ کے سلسلہ میں کئے گئے وعدہ کا کیاہوا!3