نئی دہلی، 20اگست (سیاست ڈاٹ کام) غالب انسٹی ٹیوٹ کے زیرِ اہتمام شامِ شہرِ یاراں کے موقع پرممتاز ادیب و دانشور پروفیسرشارب ردولوی اور پروفیسر عتیق اللہ کے اعزاز میں 22/اگست کو شام چھے بجے ،ایوانِ غالب میں ایک علمی نشست کا اہتمام کیا جارہاہے ۔ اس محفل کی صدارت غالب انسٹی ٹیوٹ کے سکریٹری پروفیسر صدیق الرحمن قدوائی کریں گے اور پروفیسر شہپر رسول،پروفیسرابن کنول، پروفیسر شہزاد انجم،پروفیسرفاروق انصاری، ڈاکٹر ندیم احمد،ڈاکٹرخان فاروق، ڈاکٹر عطیہ رئیس،ڈاکٹر احمد امتیاز، سیدعاصم رضا اور عبدالسمیع اپنے خیالات کا اظہار کریں گے ۔غالب انسٹی ٹیوٹ کے ڈائرکٹرڈاکٹر رضاحیدر مہمانوں کا استقبال کریں گے ۔پروفیسر شارب ردولوی اور پروفیسر عتیق اللہ کا شمار عہد حاضر کے ممتاز نقادوں میں ہوتا ہے ۔ ملک کے کئی اہم ترین اداروں نے آپ کو انعام و اعزاز سے سرفراز کیا ہے ۔ اردو زبان و ادب خصوصاً تنقید کے حوالے سے آپ حضرات کی تحریر کی ہوئی کتابیں آج بھی طلبا اور اساتذہ کو علمی روشنی عطا کر رہی ہیں۔غالب انسٹی ٹیوٹ کے لیے بھی یہ فخر کی بات ہے کہ ادارے نے آپ دونوں حضرات کواپنے پُروقار غالب ایوارڈ سے بھی نوازا ہے ۔