تلنگانہ ، کیرالا ،پنجاب میں اوسط خرچ،ملک کی بیشتر ریاستوں میںعوام کو سہولت
حیدرآباد ۔6۔ مئی (سیاست نیوز) ملک میں بڑھتی مہنگائی کے نتیجہ میں تمام طبقات کے گھریلو اخراجات میں اضافہ ہوچکا ہے۔ اناج اور دیگر ضروری اشیاء پر ماہانہ خرچ کے سلسلہ میں ملک بھر میں سروے کیا گیا جس کے تحت گوا ، چندی گڑھ اور دہلی میں ماہانہ خرچ دیگر ریاستوں کے مقابلہ زیادہ درج کیا گیا ہے۔ بیشتر ریاستوں میں اشیائے ضروریہ کا ماہانہ خرچ 5 تا 7 ہزار روپئے درج کیا گیا۔ شہری علاقوں میں زائد آمدنی والے افراد بھی اضافی خرچ کیلئے مجبور ہیں کیونکہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں دیہی علاقوں کے مقابلہ شہری علاقوں میں اضافہ درج کیا گیا ہے۔ نظام زندگی میں روز مرہ کے تبدیلیوں اور غذاؤں کے استعمال کے سلسلہ میں عادات و اطوار میں اضافہ کے سبب بھی اشیائے ضروریہ اور اجناس کے اخراجات میں اضافہ ہوا ہے ۔ دارالحکومت نئی دہلی میں غذائی اجناس پر ایک اوسط خاندان کا ماہانہ خرچ 15500 روپئے درج کیا گیا جبکہ گوا میں 16500 روپئے اور سکم میں ماہانہ 18000 روپئے خرچ درج ہوا ہے۔ ماہرین کے مطابق لائیف اسٹائل میں تبدیلی کا گھریلو اخراجات پر راست اثر پڑا ہے۔ ایسی ریاستیں جہاں غذائی اجناس پر ماہانہ اخراجات 12 تا 15 ہزار کے درمیان ہے، ان میں تلنگانہ ، کیرالا ، ٹاملناڈو ، چندی گڑھ ، ہریانہ ، پڈوچیری اور کیرالا شامل ہیں۔ کرناٹک ، مہاراشٹرا ، گجرات میں غذائی اجناس پر ماہانہ اخراجات 10 تا 12 ہزار روپئے ہیں۔ آندھراپردیش ، اتراکھنڈ ، جموں و کشمیر ، لداخ ، آسام ، اروناچل پردیش اور میگھالیہ میں ماہانہ خرچ 8 تا 10 ہزار روپئے درج کیا گیا ہے ۔ مہنگائی اور افراط زر کے معاملہ میں کم خرچ والی ریاستوں میں جھارکھنڈ ، مغربی بنگال ، تریپورہ ، منی پور، ناگالینڈ ، اڈیشہ ، بہار ، چھتیس گڑھ ، اترپردیش ، مدھیہ پردیش اور راجستھان کا شمار ہوتا ہے جہاں غذائی اجناس پر ماہانہ خرچ 5 تا 8 ہزار روپئے ہے۔ 1/km/b