نیویارک : امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ فاکس نیوز کے میزبان اور سابق فوجی افسر پیٹ ہیگستھ کو اپنا وزیر دفاع نامزد کر رہے ہیں۔ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق پیٹ ہیگستھ فوج کی سروس کے دوران عراق اور افغانستان میں خدمات انجام دے چکے ہیں اور فاکس نیوز کی ملازمت سے پہلے ریاست منیسوٹا سے 2012 میں سینیٹ کا الیکشن جیت کر امریکی کانگریس کے رکن رہ چکے ہیں۔ٹرمپ نے ایک بیان میں کہا کہ ’پیٹ ہیگستھ کو اہم ذمہ داری دینا امریکہ کے دشمنوں کو پیغام ہے کہ ہماری فوج ایک پھر عظیم ہوگی اور امریکہ پیچھے نہیں ہٹے گا۔‘ان کا کہنا تھا کہ ’سپاہیوں کے لیے کوئی بھی اتنا نہیں لڑتا، پیٹ ہیگستھ بہادر اور محب وطن چیمپیئن ہوں گے جو ہماری ’طاقت کے ذریعے امن‘ کی پالیسی پر کام کریں گے۔‘؎