رملہ: مجوزہ منصوبے میں اسرائیلی مقبوضہ مغربی کنارے پر حکومت کرنے والی فتح اور 2007 سے غزہ میں برسرِ اقتدار حماس نے غزہ کی انتظامیہ کیلئے سیاسی طور پر آزاد 15 ٹیکنو کریٹس پر مشتمل ایک کمیٹی مقرر کرنے کی تجویز پر اتفاق کیا ہے۔منگل کو حکام نے بتایا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی کے بعد اس معاہدے پر عمل ہو گا۔امریکہ، مصر اور قطر کئی ماہ سے اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے لیے کوشاں ہیں تاہم تاحال اس میں کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی ہے۔امریکی اور دیگر حکام نے حالیہ دنوں میں امید ظاہر کی ہے کہ لبنانی عسکریت پسند تنظیم حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی سے غزہ میں جنگ بندی کیلئے جاری کوششوں کو تقویت ملے گی۔اسرائیلی وزیرِ دفاع اسرائیل کاٹز نے منگل کو کہا ہے کہ اگر جنگ بندی ناکام ہوتی ہے تو اسرائیلی فوج لبنان میں اپنی کارروائیوں کا دائرہ بڑھائے گی۔شمالی سرحد کے دورہ میں ان کا کہنا تھا کہ اب تک ہم لبنان اور حزب اللہ میں فرق کرتے آئے ہیں اور اگر جنگ بندی ناکام ہوئی تو پھر اس کا لحاظ نہیں کریں گے۔