فراڈ کر کے ارب پتی بننے والی امریکی خاتون کو جیل

   

نیویارک : ٹکنالوجی کی معروف کمپنی تھیرانوس کی بانی الزبتھ ہومز کو سرمایہ کاروں کے ساتھ دھوکہ دہی کرنے کے جرم میں 11 برس سے زیادہ کی قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ انہیں دنیا کی سب سے کم عمر کی ارب پتی خاتون بھی قرار دیا گیا تھا۔ کیلیفورنیا کے ایک جج نے تھیرانوس کمپنی کی بانی الزبتھ ہومز کو اب اپنے ناکارہ بلڈ ٹیسٹنگ اسٹارٹ اپ میں سرمایہ کاروں کو دھوکہ دینے کے جرم میں 11 برس، تین ماہ قید کی سزا سنائی ہے۔ ایک وقت تھا کہ اس کمپنی کی مالیت نو ارب ڈالر سے بھی زیادہ کی تھی۔ کیلیفورنیا کے ایک ڈسٹرکٹ جج ایڈورڈ ڈیویلا نے ہومز کو سرمایہ کاروں کے ساتھ دھوکہ دہی کے تین اور سازش کے ایک معاملے میں سزا سنائی۔ اس سے قبل ایک جیوری نے 38 سالہ ہومز کو گزشتہ جنوری میں تین ماہ تک جاری رہنے والے مقدمہ کے سماعت کے بعد مجرم قرار دیا تھا۔ ٹکنالوجی کمپنی تھیرانوس کی بانی اور سلیکون ویلی کی سابق اسٹار الزبتھ ہومز نے یہ جھوٹا دعویٰ کیا تھا کہ ان کی ایجاد کردہ ٹکنالوجی خون کے چند قطروں سے ہی بیماری کی تشخیص کر سکتی ہے۔ ایک وقت تھا کہ ان کی ’اگلے اسٹیو جابز‘ کے طور پر تعریف کی جا رہی تھی اور انہیں دنیا کی سب سے کم عمر کی ارب پتی خاتون کا خطاب بھی ملا تھا۔ 38 سالہ ہومز فی الوقت حمل سے ہیں۔ انہوں نے روتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ وہ اس اسکینڈل سے گمراہ ہونے والوں کے لیے ’گہرا درد‘ محسوس کرتی ہیں۔