فضائی سفر ہوگا مہنگا، انڈیگو نے ایندھن کا چارج بڑھایا

   

نئی دہلی۔ 5 اکتوبر (یواین آئی) مسافروں کی تعداد کے لحاظ سے ملک کی سب سے بڑی ایئرلائن کمپنی انڈیگو نے 6 اکتوبر سے فضائی کرائے میں فیول چارج بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔ مسافروں کی تعداد کی بنیاد پر گھریلو ایئرلائنز میں تقریباً 65 فیصد حصہ رکھنے والی انڈیگو نے پیر کے روز ایک پریس ریلیز میں بتایا کہ ہوائی جہاز کے ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے ایندھن کے چارج میں ترمیم کی ضرورت پیش آئی ہے ۔ گھریلو اور بین الاقوامی دونوں روٹس پر چارجز بڑھا دیے گئے ہیں۔ گھریلو روٹس پر 500کلومیٹر تک کی پرواز کیلئے ایندھن کا چارج بڑھا کر 375 روپے کر دیا گیا ہے ۔ پہلے یہ 275 روپے تھا جو 2 اپریل سے نافذ کیا گیا تھا۔ اسی طرح 501 کلومیٹر سے 1,000 کلومیٹر کیلئے ایندھن کا چارج 400 روپے سے بڑھا کر 600 روپے کر دیا گیا ہے ۔ مسافروں کو 1001 کلومیٹر سے 1,500 کلومیٹر تک کی پرواز کیلئے 900 روپے ایندھن کا چارج ادا کرنا پڑے گا۔ پہلے یہ 600 روپے تھا۔ ایئرلائنز نے 1,501 کلومیٹر سے 2,000 کلومیٹر تک کیلئے ایندھن کا چارج 800 روپے سے بڑھا کر 1,150 روپے اور دو ہزار کلومیٹر سے زیادہ کی پرواز پر 950 روپے سے بڑھا کر 1,300 روپے کر دیا ہے ۔ انڈیگو نے بتایا کہ سارک خطے کی 500 کلومیٹر تک کی پروازوں پر 1,000 روپے اور اس سے زیادہ فاصلے پر 3,000 روپے ایندھن کا چارج دینا ہوگا۔
جنوب مشرقی ایشیائی ممالک، خلیجی کونسل کے ممالک اور مغربی ایشیائی ممالک نیز شمالی و مشرقی ایشیائی ممالک کی پروازوں پر 5,500 روپے کا ایندھن کا چارج مقرر کیا گیا ہے ۔ افریقی ممالک کو جانے والی پروازوں کے کرائے میں 6,000 روپے فی مسافر اور یورپی ممالک کی پروازوں کے کرائے میں 10,000 روپے کا ایندھن کا چارج قابلِ ادا ہوگا۔ قابلِ ذکر ہے کہ مغربی ایشیا میں کشیدگی و بحران کی وجہ سے ہوائی جہاز کے ایندھن کی قیمتوں میں بھاری اضافے کو دیکھتے ہوئے ایئرلائن کمپنیوں نے ایندھن کا چارج لگانے یا بڑھانے کا فیصلہ کیا تھا۔ ایئرلائن کمپنیوں کے کل اخراجات میں سے تقریباً 40 فیصد حصہ اسی مد میں خرچ ہوتا ہے ۔ انڈیگو کے بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ ایک ماہ میں ہوائی جہاز کے ایندھن کی قیمت 14 فیصد سے زیادہ بڑھ کر ایک دہائی کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے ۔ اس کا کہنا ہے کہ اس نے بڑھتی ہوئی قیمتوں کا پورا بوجھ مسافروں پر نہیں ڈالا ہے بلکہ اس کا ایک بڑا حصہ خود برداشت کر رہی ہے ۔