فلسطین پر قبضہ ختم ہو،اسرائیل نقصانات کی تلافی کرے :اردغان

   

انقر ہ:ترکیہ کے صدر رجب طیب اردغان نے کہا ہے کہ اسرائیل کو فلسطینی علاقوں پر اپنا قبضہ ختم کرنا چاہیے اور اس سے ہونے والے نقصانات کی تلافی کرنی چاہیے ۔صدر اردغان نے ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں وزیر اعظم انور ابراہیم کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا جہاں وہ سرکاری بات چیت کے لئے گئے تھے ۔اردغان نے کہا کہ ہم نے ترکیہ اور ملائیشیا کے درمیان دوطرفہ تجارت کا حجم، جو ہم نے پہلے 5 ارب ڈالر مقرر کیا تھا اب 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے ۔مشرق وسطیٰ میں ہونے والی پیش رفت کے بارے میں ایردوان نے کہا کہ اسرائیل کو فلسطینی علاقوں پر اپنا قبضہ ختم کرنا چاہیے اور اس سے ہونے والے نقصانات کی تلافی کرنی چاہیے ۔ 1967ء کی سرحدوں کی بنیاد پر یہ ضروری ہے کہ ایک آزاد، خودمختار اور جغرافیائی طور پر مربوط فلسطینی ریاست قائم کی جائے جس کا دارالحکومت مشرقی القدس ہو۔ مجھے لگتا ہے کہ اگر آسیان کے تمام رکن ممالک غزہ کی مدد کے لیے ہاتھ ملا لیں تو ہم اس پر قابو پا لیں گے ۔