یروشلم : فلسطین کی وزارت صحت نے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں ہلاک ہونے والوں کے لیے کفن بھیجنے کی اپیل کی ہے۔فلسطین وزارت صحت نے غزہ میں انسانی بحران کی شدت کے اِن دنوں میں عالمی برادری سے ایک دردناک اپیل کی ہے۔وزارت نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ بین الاقوامی برادری، غزہ کے عوام کی حفاظت اور ان کی ضروریات کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہے۔ اگر زندہ فلسطینیوں کی ضروریات پوری نہیں کی جا رہیں توکم از کم شہید ہونے والوں کی باعزت تدفین کے لیے کفن بھیجے جائیں”۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ” ہماری ، دنیا سے، اپیل ہے: جو دنیا ہمارے لوگوں کو تحفظ اور پناہ فراہم کرنے میں ناکام رہی اور خوراک و ادویات کی فراہمی کو یقینی نہیں بنا سکی وہ کم از کم ہمارے شہداء کی نعشوںکو ڈھانپنے کے لیے کفن بھیجنے کی کوشش کرے۔7 اکتوبر 2023 سے اب تک اسرائیلی حملوں میں تقریباً 17 ہزار بچوں اور 11 ہزار 378 عورتوں سمیت 42 ہزار 718فلسطینی شہید ہو چْکے ہیں اور حملوں کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ 282 تک پہنچی ہوئی ہے۔