نیویارک : عطیہ دہندہ ملکوں نے فلسطینی پناہ گزینوں کی مدد کرنے والی اقوام متحدہ کی ایجنسی کو 160 ملین ڈالر فراہم کرنے کے وعدے کیے ہیں۔ UNRWA ایجنسی کے سربراہ فیلیپ لزارینی نے بتایا کہ جمعرات کو منعقدہ ڈونر کانفرنس میں اعلان کردہ عطیات کے باوجود ان کی ایجنسی کو نصف ملین بچوں کو تعلیم فراہم کرنے، دو ملین پناہ گزینوں کے لیے طبی امداد اور غریب ترین کے لیے مالی امداد کی مد میں مزید ایک سو ملین ڈالر درکار ہیں۔ اس وقت تقریباً 5.7 ملین فلسطینی پناہ گزین مغربی کنارے کے علاقے، مشرقی یروشلم اور غزہ پٹی کے علاوہ اردن، شام اور لبنان میں رہائش پذیر ہیں۔ اقوام متحدہ کی یہ ایجنسی ان میں سے اسکول جانے والے نصف ملین بچوں اور ان دو ملین افراد کی مدد کرتی ہے، جنہیں صحت سے متعلق سہولیات بھی فراہم کی جانا ہیں۔