جی کشن ریڈی ، مہیشور ریڈی کے لیے اور بنڈی سنجے کی راجہ سنگھ کے لیے دہلی میں پیروی
حیدرآباد ۔ 22 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : بی جے پی فلور لیڈر کے انتخاب کے مسئلہ پر پارٹی قائدین کے درمیان اختلافات اور گروپ بندیاں پھر ایک مرتبہ منظر عام پر آگئی ہیں ۔ مرکزی وزیر و تلنگانہ بی جے پی کے صدر جی کشن ریڈی ، مہیشور ریڈی کو پارٹی کا فلور لیڈر بنانا چاہتے ہیں جب کہ بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری و رکن پارلیمنٹ بنڈی سنجے ، راجہ سنگھ کو فلور لیڈر بنانے کی تحریک چلا رہے ہیں ۔ جس کی وجہ سے ابھی تک بی جے پی فلور لیڈر کا انتخاب نہیں ہوسکا ۔ گورنر خطبہ کے اظہار تشکر مباحث اور ریاست کے مالیاتی موقف پر حکومت کی جانب سے جاری کردہ وائیٹ پیپر کے مختصر مباحث میں بی جے پی کی طرف سے مہیشور ریڈی نے مباحث میں حصہ لیا اور ساتھ ہی برقی کی صورتحال پر جاری کردہ وائیٹ پیپر مباحث میں بی جے پی کی طرف سے پاٹل شنکر نے حصہ لیا ۔ اسمبلی کے حالیہ انتخابات میں بی جے پی کے 8 ارکان اسمبلی منتخب ہوئے ہیں تاہم ابھی تک فلور لیڈر کا انتخاب نہیں ہوا ہے ۔ بی جے پی لیجسلیچر پارٹی لیڈر کے عہدے کے لیے اسمبلی حلقہ گوشہ محل سے منتخب ہونے والے رکن اسمبلی راجہ سنگھ اسمبلی حلقہ نرمل سے منتخب ہونے والے رکن اسمبلی مہیشور ریڈی دعویدار ہیں ۔ ماضی میں بی جے پی سے معطل ہونے تک راجہ سنگھ بی جے پی فلور لیڈر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے ۔ بی جے پی سے راجہ سنگھ تین مرتبہ اسمبلی کے لیے منتخب ہوئے ہیں جب کہ مہیشور ریڈی پہلی مرتبہ بی جے پی سے منتخب ہوئے ہیں ۔ ماضی میں وہ دوسری پارٹی کے ٹکٹ پر اسمبلی کے لیے منتخب ہوئے ہیں ۔ ماباقی 6 ارکان اسمبلی پہلی مرتبہ بی جے پی کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے ہیں ۔ راجہ سنگھ کے لیے بنڈی سنجے اور مہیشور ریڈی کے لیے جی کشن ریڈی دہلی میں بی جے پی قیادت کے پاس پیروی کررہے ہیں ۔۔ ن