اسلام آباد، 16 اپریل (یو این آئی) پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور مکمل ہو گیا ہے ، دونوں کے درمیان تفصیلی بات چیت دوبارہ ہوگی۔ ایران کے ایٹمی پروگرام سے متعلق پیشرفت کا امکان ہے ، الجزیرہ ٹی وی کے مطابق پاکستانی وفد ایران حکام سے ایٹمی پروگرام پر بات کر رہا ہے ، فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاکستان کا وفد ایران میں موجود ہے ۔ پاکستان نے خطے میں امن کیلئے کوشش تیز کر دی ہے، وزیر اعظم شہباز شریف سعودی عرب اور فیلڈ مارشل تہران میں ہیں، پاکستان کا اعلیٰ سطح وفد فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں کل رات تہران پہنچا۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ایئرپورٹ پر استقبال کیا، وفد میں وزیر داخلہ محسن نقوی بھی شامل ہیں، آئی ایس پی آر کا کہنا ہے فیلڈ مارشل کا دورہ امریکہ اور ایران کے درمیان ثالثی کی کوششوں کا حصہ ہے ۔ فریقین کو پھر مذاکرات کی میز پر لانے کی کوششیں بھی جاری ہیں، ایران امریکہ مذاکرات کا اگلا دور بھی اسلام آباد میں متوقع ہے ۔ ایرانی وزیر خارجہ کہتے ہیں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ایران میں خوش آمدید کہنے پر خوشی ہوئی، پاکستان کی شان دار میزبانی گہرے اور دو طرفہ تعلقات کی عکاسی ہے ۔