واشنگٹن ۔ 21 ستمبر (ایجنسیز) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے آرلنگٹن قبرستان کے قریب 250 فٹ بلند محراب تعمیر کرنے کی اصل وجہ کا انکشاف کر دیا۔ امریکی صدر نے گزشتہ روز کہا ہے کہ واشنگٹن میں آرلنگٹن نیشنل سیمٹری کے قریب تعمیر کی جانے والی یادگاری محراب کو ایک فوجی کمپلیکس کے طور پر بھی استعمال کیا جائے گا، جہاں ڈرونز اور اسنائپرز تعینات کیے جا سکیں گے جبکہ بڑی مقدار میں گولہ بارود بھی ذخیرہ کیا جائے گا۔ صدر ٹرمپ نے اس اقدام کے لیے قومی سلامتی کے خدشات کا حوالہ دیا۔ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں لکھا ہے کہ فوج کی پرزور درخواست پر میں نے 250 فٹ (76 میٹر) بلند محراب کو ایک اعلیٰ درجے کے فوجی کمپلیکس؍ یادگاری محراب میں تبدیل کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہاں بڑی تعداد میں ڈرونز رکھنے، ذخیرہ کرنے اور ضرورت پڑنے پر فوری طور پر استعمال کرنے کی سہولت ہو گی۔ امریکی صدر نے بتایا کہ چھت اور پلازہ کے حصوں میں اسنائپرز بھی تعینات کیے جا سکیں گے، اس کے علاوہ بڑی مقدار میں اسنائپرز کے لیے گولہ بارود بھی ذخیرہ کیا جائے گا۔