قدیم قبرستان مادنا پیٹ پر ناجائز قبضوں کی برخواستگی کا فیصلہ

   

صدرنشین وقف بورڈ عظمت اللہ حسینی نے عوامی نمائندوں کے ساتھ معائنہ کیا
حیدرآباد ۔23۔جنوری (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ سید عظمت اللہ حسینی نے مادنا پیٹ کے قدیم قبرستان کا دورہ کیا جہاں قبروں کو مسمار کرتے ہوئے ملگیات تعمیر کرنے کی شکایت موصول ہوئی ۔ مقامی رکن اسمبلی جعفر حسین معراج اور وقف بورڈ کے عہدیداروں کے ساتھ صدرنشین وقف بورڈ نے عیدگاہ مادنا پیٹ کے روبرو واقع قبرستان میں ناجائز تعمیرات کا معائنہ کیا اور برہمی ظاہر کی۔ انہوں نے غیر مجاز قابضین کی ریکارڈ کا معائنہ کیا اور کہا کہ 100 سال سے قبرستان کا وجود ہے اور اس کا مکمل طور پر تحفظ کیا جائے گا۔ ابتداء میں 6 عارضی ملگی تعمیر کرتے ہوئے کاروبار کیا جارہا تھا لیکن گزشتہ دنوں ایک ملگی کو مسمار کرتے ہوئے مستقل تعمیر کا آغاز کردیا گیا۔ کئی قبروں کو مسمار کرتے ہوئے پلرس کیلئے کھدائی کی گئی اور پلرس کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ انہوں نے مقامی افراد کو تیقن دیا کہ ناجائز تعمیرات کو مجلس بلدیہ کے ذریعہ منہدم کرتے ہوئے قبرستان کا تحفظ کیا جائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ 1997 میں غیر مجاز قابضین کو وقف بورڈ کی جانب سے نوٹس جاری کی گئی تھی اور 2000 میں پولیس میں ایف آئی آر درج کرایا گیا۔ عدالت نے زیر دوران مقدمہ کی آڑ میں مستقل تعمیر کی کوشش کی جارہی ہے۔ عظمت اللہ حسینی نے کہا کہ مقامی افراد اور عوامی نمائندوں کو بھی اس معاملہ میں دلچسپی لینی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ گنجان آبادی والے اس علاقہ میں موجود قبرستان پر ناجائز قبضہ فوری ختم کرانے کی کارروائی کی جائے گی۔ تقریباً 10 فٹ تک موجود قبروں کو مسمار کردیا گیا۔ مقامی افراد نے صدرنشین وقف بورڈ سے خواہش کی کہ قبرستان کی حصاربندی کے اقدامات کئے جائیں۔1