قومی اردو کونسل بچوں کیلئے اہم سائنسی موضوعات پر کتابیں شائع کرے گی:پروفیسر احمد

   

نئی دہلی : بچوں میں سائنسی رجحان پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے ڈائریکٹر پروفیسر شیخ عقیل احمد نے کہا کہ قومی اردو کونسل بچوں کے لیے اہم سائنسی موضوعات پر کتابیں شائع کرے گی۔ یہ بات انہوں نے قومی اردو کونسل میں نیچرل سائنس پینل کی منعقدہ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ کونسل کا مقصد اردو زبان و ادب کے فروغ کے علاوہ دیگر اہم تاریخی،سماجی و سائنسی موضوعات پر بھی اردو زبان میں کتابیں شائع کرنا اور طلبہ و طالبات کو ضروری مواد فراہم کرنا بھی ہے ۔ نیچرل سائنس پینل بھی اسی لیے تشکیل دی گئی ہے تاکہ خصوصاً سائنسی موضوعات پر ضروری اور اہم کتابیں شائع کی جائیں اور طلبا کی تعلیمی ضرورتیں پوری کی جائیں اوراب تک کونسل سے سائنسی موضوعات پر درجنوں کتابیں شائع کی جاچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی اردو کونسل اس سلسلے میں ماہرین کے مشوروں اور تجاویز کا خیر مقدم کرتی ہے اور طلبا و طالبات کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے پابند عہد ہے ۔