قیمتوں میں اضافہ کیخلاف ٹی آر ایس کا پارلیمنٹ احاطہ میں احتجاج

   

مہنگائی پر قابو پانے میں ناکامی کا مرکزی حکومت پر الزام

حیدرآباد ۔ 19 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : ٹی آر ایس کے ارکان پارلیمنٹ نے پارلیمنٹ ہاوز کے احاطے میں مجسمہ گاندھی کے پاس اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف احتجاجی دھرنا منظم کیا ۔ اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہوجانے کا الزام عائد کرتے ہوئے مودی حکومت کے خلاف نعرے بازی کی ۔ اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کے خلاف اپوزیشن جماعتوں نے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں احتجاج کیا ۔ جس کے بعد دونوں ایوانوں کو دوپہر 2 بجے تک ملتوی کردیا گیا ۔ جس کے بعد ٹی آر ایس کے ارکان پارلیمنٹ کے کیشو راؤ ، این ناگیشور راؤ ، سنتوش ، ڈی دامودھر راؤ کے علاوہ دوسرے لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے ارکان نے پلے کارڈس تھام کر احتجاج کیا ۔ ڈاکٹر کے کیشو راؤ نے کہا کہ پٹرول ، ڈیزل ، پکوان گیس ، اشیاء ضروریہ کی قیمتیں پہلے سے ہی آسمان کو چھو رہی ہیں ۔ اس کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہونے والی مرکزی حکومت نے دودھ ، دہی ، چاول ، گیہوں وغیرہ کو بھی جی ایس ٹی کے دائرے میں شامل کرتے ہوئے غریبوں کے مالی بوجھ میں مزید اضافہ کردیا ہے ۔ ملک میں روپئے کی قدر دن بہ دن گھٹنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر کیشو راؤ نے کہا کہ مرکزی حکومت کے غلط فیصلوں سے ملک کی معیشت تباہ و برباد ہورہی ہے اس کے لیے وزیراعظم نریندر مودی پوری طرح ذمہ دار ہیں ۔ مرکزی حکومت صرف کارپوریٹ اداروں کے مفادات کو ترجیح دے رہی ہے غریب اور کسانوں کے مفادات کو نظر انداز کیا جارہا ہے جس کی ٹی آر ایس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے ۔۔ ن