لال بہادر اسٹیڈیم میں آج چیف منسٹر کا کرسمس ڈنر

   

حیدرآباد۔ 19 ڈسمبر (سیاست نیوز) کرسمس تقاریب کے سلسلہ میں کل 20 ڈسمبر کو لال بہادر اسٹیڈیم میں عیسائیوں کے لیے چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے ڈنر کا اہتمام کیا گیا ہے۔ کرسمس ڈنر کے انتظامات مکمل کرلیے گئے اور محکمہ اقلیتی بہبود نے مختلف عہدیداروں کو ذمہ داریاں تفویض کی ہیں۔ وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور انتظامات کی راست نگرانی کررہے ہیں۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہ نواز قاسم آئی پی ایس نے مختلف اقلیتی اداروں کے عہدیداروں کو ذمہ داریاں الاٹ کرتے ہوئے احکامات جاری کئے۔ کرسمس ڈنر انتظامات کے نوڈل آفیسر بی شفیع اللہ سکریٹری اقامتی اسکول سوسائٹی ہوں گے جبکہ وی وی آئی پی گوشے کے انچارج کی حیثیت سے پروفیسر ایس اے شکور ڈائرکٹر سی ای ڈی ایم، لیاقت حسین جوائنٹ سکریٹری ٹمریس اور بالا سبرامنیم ریڈی جوائنٹ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کو مقرر کیا گیا۔ چیف منسٹر کے پروگرام اور ڈائس کی ذمہ داری سید اشفاق، محمد قاسم، منور علی، عامر علی اور سراج کو دی گئی ہے۔ چیف منسٹر کے ڈنر ٹیبل کے انچارج بالا سبرامنیم ریڈی جوائنٹ ڈائرکٹر، شریمتی کانتی ویسلی منیجنگ ڈائرکٹر کرسچن فینانس کارپوریشن اور سامیول جان ہوں گے۔ وی وی آئی پی سیکشن میں خواتین کے انتظامات کی نگرانی شریمتی رتنا کلیانی، شریمتی بی ناگامنی اور شریمتی کے پرسس کو دی گئی ہے۔ چیف منسٹر اس موقع پر عیسائی طبقے کے یتیم بچوں میں تحائف تقسیم کریں گے۔ مختلف سرکاری محکمہ جات کے عہدیداروں کو انتظامات کا نگرانکار مقرر کیا گیا ہے۔