الور: راجستھان کے الور میں لال پیاز کی اچھی قیمت ملنے کی وجہ سے اس مرتبہ کسان خوش نظر آرہے ہیں۔ لال سونے کے نام سے مشہور الور کی لال پیاز اب بازار میں آچکی ہے ۔ حال ہی میں ہوئی بارشوں کی وجہ سے کسان کافی پریشان تھے ۔ اس بار پیاز کی پیداوار میں گزشتہ برس کے مقابلے اضافہ ہوا ہے اور لال پیاز کی پیداوار جو الور ضلع میں کسانوں کی لائف لائن ہے ، مسلسل اضافہ ہورہا ہے ۔مرکزی حکومت نے الور سے پیاز کو پورے ملک کے بازاروں تک پہنچانے کیلئے خصوصی ٹرین شروع کی تھی۔
لیکن فی الحال ٹرین کے ذریعے پیاز بھیجنا بند ہے ۔ جہاں 2020 میں الور میں پیاز کا رقبہ 18500 ہیکٹر تھا، اب یہ رقبہ 2023 میں 27000 ہیکٹر تک پہنچ گیا ہے ۔ ایک اندازے کے مطابق اس سال تین لاکھ 55 ہزار ٹن پیاز پیدا ہونے کا امکان ہے جس سے الور کی معیشت کو تقویت ملے گی۔ بتایا جا رہا ہے کہ کئی ریاستوں میں پیاز کی فصل خراب ہونے کی وجہ سے ملک بھر کے پیاز کے تاجروں کی نظریں الور کی پیاز پر لگی ہوئی ہیں۔