لالو یادوخاندان پر دھاوے‘ ایک کروڑ غیر محسوب رقم ضبط

,

   

تلاشی کے دوران تقریباً 600 کروڑ کی آمدنی کاانکشاف‘ ای ڈی کا دعویٰ

نئی دہلی ؍پٹنہ: انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی کارروائی کے بعد لالو یادو اور ان کے ارکان خاندان کی مشکلات میں اضافہ ہورہا ہے۔ جمعہ کو ای ڈی نے پٹنہ، رانچی، دہلی، ممبئی میں 24 مقامات پر دھاووے کئے۔ اس دوران دہلی کے این سی آر میں تیجسوی یادو کے گھر اور دیگر مقامات پر بھی چھاپے مارے گئے۔ ای ڈی کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کروڑوں کے اثاثوں کا ذکر کیا گیا ہے۔زمین کے بدلے ملازمت کے معاملے میں، ای ڈی نے جمعہ کی صبح لالو یادو اور ان کے خاندان کے ارکان پر ملک بھر میں 24 مقامات پر چھاپے مارے۔ اس گھر پر بھی چھاپے مارے گئے جہاں آر جے ڈی کے سابق ایم ایل اے ابو دوجان پٹنہ اور تیجسوی یادو دہلی میں رہتے ہیں۔ چھاپے کے بعد ای ڈی نے ایک پریس ریلیز جاری کرکے تفصیلی جانکاری دی۔ ای ڈی نے مطلع کیا ہے کہ انہیں پہلے ان کے ذرائع سے معلومات دی گئی تھیں جس کی بنیاد پر کارروائی کی گئی ہے۔چھاپے کے دوران ایک کروڑ روپے نقد، 19 سو امریکی ڈالر، 540 گرام سونا، ایک کروڑ 25 لاکھ روپے مالیت کے ڈیڑھ کلو سونے کے زیورات اور جائیداد سے متعلق کئی اہم دستاویزات برآمد کیے گئے ہیں۔ 4 پلاٹ 7.5 لاکھ روپے میں خریدے گئے۔ یہ پلاٹ 3.5 کروڑ روپے میں فروخت ہوئے۔ ای ڈی نے یہ بھی کہا کہ تلاشی کے دوران تقریباً 600 کروڑ روپے کی آمدنی کا انکشاف ہوا ہے، جو 350 کروڑ روپے کی غیر منقولہ جائیداد کی شکل میں ہے۔ اس کے ساتھ ہی مختلف بے نامی ا داروں کے ذریعے 250 کروڑ روپے کا لین دین بھی ہوا ہے۔چھاپے کے بعد ای ڈی کی جانب سے بتایا گیا کہ اب تک کی جانچ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ لالو خاندان پٹنہ اور اس کے آس پاس زمین کے غیر قانونی لین دین میں ملوث ہے۔ تمام جائیدادوں کا لین دین، زمین کے بدلے نوکر ی کے معاملے میں کیا گیا ہے۔ ان اراضیات کی قیمت آج تقریباً 200 کروڑ روپے ہے، اور یہ بھی بتایا گیا کہ دہلی کی نیو فرینڈز کالونی میں بنگلہ میسرز اے بی ایکسپورٹرز پرائیویٹ لمیٹڈ کے نام پر ہے، جسے تیجسوی یادو اپنے گھر کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔ اس کا مارکیٹ ریٹ 150 کروڑ روپے ہے جبکہ اسے صرف 4 لاکھ روپے میں خریدا گیا تھا۔ای ڈی کی جانب سے یہ بھی کہا گیا کہ ابو دجانہ سے نوکری کے لیے زمین بھی خریدی اور بیچی گئی، جس میں رابڑی دیوی اور آر جے ڈی کے سابق ایم ایل اے ابو دجانہ کو 3.5 کروڑ کا فائدہ ہوا۔ ای ڈی نے اپنی معلومات میں یہ بھی کہا کہ چھاپے کے دوران وہاں موجود بچوں، بزرگ شہریوں اور خواتین کے ساتھ مناسب سلوک کیا گیا۔انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے ہفتہ کو بتا یا کہ اس نے دھاووں کے دوران ایک کروڑروپئے کی غیر محسوب نقدی رقم ضبط کی ہے اور 600 کروڑ روپے کے جرم کی رقم کا پتہ لگایا ہے۔ اپنے بتان میںاس نے مزیدکہا کہ لالوپرساد کے خاندان اور ان کے ساتھیوں کی جانب سے مختلف شعبوں بشمول رئیل اسٹیٹ میں مختلف مقامات پر کی گئی مزید سرمایہ کاری کا پتہ لگانے کیلئے تحقیقات جاری ہیں۔ گزشتہ سال مئی میں، ایجنسی نے لالو پرساد، ان کی اہلیہ رابڑی دیوی، دو بیٹیوں میشا بھارتی اور ہیما یادواور 12 دیگر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے بعد دہلی اور بہار میں تلاشی لی تھی اور الزام لگایا تھا کہ متعدد متبادل کی تقرری ریلوے کی گروپ۔D کی جائیدادوں پر زمین کے پارسل کے بدلے کی گئی تھیں۔اس الزام کی جانچ کیلئے یہ مقدمہ شروع کیا گیا اور ابتدائی تحقیقات کی بنیاد پر قائم کیا گیا تھا کہ 2004تا2009 کے دوران کئی نااہل امیدواروں کو متبادل کے طور پر تعینات کیا گیا تھا۔ استفادہ کنندگان کو بعد میں ریگولرائز کیا گیا۔