بیروت:لبنان میں حزب اللہ کے ساتھ دوبدو جنگ میں ایک اسرائیلی فوجی مارا گیا جب کہ حزب اللہ کا راکٹ حیفہ کی عبادت گاہ سے ٹکرانے سے 5 افراد زخمی ہوگئے۔میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ جنوبی لبنان میں لڑائی کے دوران 21 سالہ اوری نسانووچ نامی ایک فوجی مارا گیاجو یروشلم کا رہائشی تھا اور لبنان میں حزب اللہ کے خلاف ملٹری آپریشن کرنے والی گولانی بریگیڈ کا حصہ تھا۔لبنان کے جنوبی علاقوں میں ستمبر کے آخر سے جاری ملٹری آپریشن کے دوران حزب اللہ کے ساتھ دوبدو جنگ میں ہلاک ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 44 ہوگئی۔ اسی دوران لبنان سے حزب اللہ نے اسرائیل کے شمالی علاقوں پر ڈرون اور راکٹس برسائے۔حیفہ پر بھی 10 راکٹس برسائے گئے جن میں سے کئی کو فضا میں ہی تباہ کردیا گیا تاہم ایک راکٹ عبادت گاہ کی عمارت کو لگا جس سے بھاری نقصان پہنچا ہے۔حزب اللہ کی اس گولی باری میں 5 افراد زخمی ہوگئے جن میں سے دو کی حالت نازک ہے۔