لوک عدالت: ضلع میدک میں 6351 مقدمات کی یکسوئی

   

میدک۔ 13؍ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ میدک ضلع قانونی خدمات اتھارٹی کے زیر اہتمام ضلع عدالت کے احاطہ میں موجود تمام عدالتوں کے علاوہ نرساپور اور الّادْرگ عدالتوں میں قومی لوک عدالت کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس سلسلہ میں ضلع بھر میں جملہ پانچ بنچس قائم کئے گئے، جن کے ذریعہ مختلف نوعیت کے مقدمات کی یکسوئی عمل میں لائی گئی۔ضلع کی پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج و چیئرپرسن ضلع قانونی خدمات اتھارٹی محترمہ جی۔ نیلم نے کہا کہ مصالحت ہی تنازعات کے حل کا بہترین راستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ باہمی رضامندی اور مصالحت کے ذریعہ مقدمات کی یکسوئی سے دونوں فریقوں کو انصاف حاصل ہوتا ہے اور وقت و اخراجات کی بھی بچت ہوتی ہے۔ قومی لوک عدالت کے ذریعہ ضلع بھر میں 6351 مقدمات کی یکسوئی کئے جانے کی اطلاع دی گئی۔اس موقع پر فرسٹ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محترمہ آر۔ ایم۔ سْبھاولی، سینئر سول جج محترمہ آر۔ سری ساؤجنیہ، فرسٹ ایڈیشنل جونیئر سول جج جناب سائی پربھاکر کے علاوہ تمام عدالتوں کے عملہ، فریقینِ مقدمہ اور دیگر افراد موجود تھے۔