ممبئی: ممبئی کی میٹروپولیٹن مجسٹریٹ کورٹ نے ماڈل۔ اداکارہ ریا پلئی کے ذریعہ داخل کئے گئے گھریلو تشدد کیس کا فیصلہ سنا دیا ہے۔ ریا نے 2014 میں اپنے سابق ’لیو۔اِن۔پارٹنر‘ لینڈر پیس کے خلاف گھریلو تشدد کا معاملہ درج کروایا تھا۔ 6 سال سے چل رہے معاملے میں میٹروپولیٹن مجسٹریٹ کومل سنگھ راجپوت نے گزشتہ مہنے فیصلہ سنایا تھا جو اب سامنے آیا ہے۔واضح رہے کہ عدالت کا فیصلہ ٹینس اسٹار لینڈر پیس کے خلاف گیا ہے۔ عدالت نے انھیں ریا کو ہر مہینے 1.50 لاکھ روپے گزارہ بھتہ دینے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے کہا ہے کہ اگر ریا کے ساتھ پیس اپنا شیئرڈ گھر چھوڑنا چاہتے ہیں تو انھیں ریا کو ماہانہ کرایہ کے طور پر 50 ہزار روپے دینے ہوں گے۔ اس کے علاوہ انھیں 1 لاکھ روپے ہر ماہ مینٹیننس کے طور پر بھی ادا کرنا ہوگا۔اپنے حکم میں عدالت نے یہ بھی کہا ہے کہ اگر پیس کے ممبئی میں باندرا واقع گھر میں ریا رہنا چاہتی ہیں تو انھیں گزارہ بھتہ نہیں دیا جائے گا۔ لینڈر کے خلاف گھریلو تشدد کے سارے ثبوت درست پائے گئے ہیں۔ وہ کئی طریقوں سے گھریلو تشدد میں ملوث تھے۔ قابل ذکر ہے کہ ریا اور لینڈر تقریباً 8 سال ’لیو۔اِن۔رلیشن شپ‘ میں رہے تھے۔ دونوں کی ایک بیٹی بھی ہے جس کی کسٹڈی عدالت نے 2008 میں ریا کو سونپ دی تھی۔