مائنڈ اسپیس کے قریب المناک سڑک حادثہ، بیوی ہلاک، شوہر شدید زخمی

   

حیدرآباد : /5 اپریل (سیاست نیوز) سائبر آباد کے علاقہ مائنڈ اسپیس کے قریب کل رات پیش آئے ایک المناک سڑک حادثہ میں ایکٹیوا پر سوار جوڑے کو ٹکر دیتے ہوئے انہیں پانچ کیلو میٹر طویل مسافت تک گھسیٹتا ہوا لے گیا ۔ اس حادثہ میں کیرالا سے تعلق رکھنے والی 22 سالہ خاتون ہانیہ عائشہ فوت ہوگئی ۔ جبکہ اس کا شوہر عبدالباسط شدید زخمی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق مائنڈ اسپیس علاقہ سے عبدالباسط اور اس کی بیوی ہانیہ عائشہ جو جیویلری شاپ کے ملازمین بھی ایکٹیوا گاڑی پر جارہے تھے کہ وہاں سے گزرنے والے تیز رفتار ڈی سی ایم ویان نے انہیں ٹکر دیدی ۔ اس حادثہ میں عبدالباسط کی ایکٹیوا گاڑی ڈی سی ایم گاڑی کے نیچے پھنس گئی اور ڈرائیور نے انہیں مائنڈ اسپیس سے جوبلی ہلز علاقہ تک گھسیٹتے ہو ئے لے آیا ۔ جبکہ وہاں سے گزرنے والے راہگیروں نے اس خوفناک منظر کو دیکھ کر ڈی سی ایم ویان رُکوایا اور جوڑے کو باہر نکالا ۔ جوبلی ہلز علاقہ میں کثیر تعداد میں عوام جمع ہونے پر ڈی سی ایم ویان ڈرائیور وہاں سے فرار ہوگیا ۔ مقامی عوام نے میاں بیوی کو ڈی سی ایم گاڑی کے نیچے سے باہر نکالا اور اس دوران ہانیہ عائشہ فوت ہوگئی تھی اور عبدالباسط کو قریب کے کارپور یٹ دواخانہ میں شریک کیا گیا ۔ حادثہ کے اس خوفناک منظر کو وہاں سے گزرنے والے موٹر سائیکل سواروں نے ویڈیو گرافی کی اور کچھ ہی دیر میں یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ۔ عبدالباسط اور ہانیہ عائشہ کی شادی تین ماہ قبل ہوئی تھی اور وہ مہیشورم کے علاقہ بالاپور میں مقیم تھے ۔ پولیس مادھاپور نے اس سلسلہ میں ڈی سی ایم ویان ڈرائیور کے خلاف ایک مقدمہ درج کرلیا ہے اور تحقیقات جاری ہے ۔ ب/ y؍M