نئی دہلی : ہندوستان نے مالدیپ کے گریٹر مالے کنیکٹیویٹی پروجیکٹ سمیت مختلف پروجیکٹوں کو وقت پر پورا کرنے کے لئے دس کروڑ ڈالر کے اضافی لائن آف کریڈٹ کے ساتھ ہی ملک کی دفاع، سلامتی کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے اور ایک بحری جہازاور 24 گاڑیاں دینے کے ساتھ 61 جزیروں میں پولیس کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کرنے کا آج اعلان کیا۔یہ فیصلے وزیر اعظم نریندر مودی اور مالدیپ کے صدر ابراہیم محمد صالح کے درمیان حیدرآباد ہاؤس میں وفود کی سطح کی دو طرفہ میٹنگ میں کئے گئے ۔ مسٹر صالح کل نئی دہلی آئے ہیں۔ پہلے دونوں رہنماؤں کے درمیان نجی گفتگو ہوئی اور پھر وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی۔ میٹنگ میں ہندوستان نے مالدیپ کو 2030 تک صفر کاربن اخراج کا ہدف حاصل کرنے میں مدد کرنے کا یقین دلایا۔ملاقات کے بعد اپنے پریس بیان میں صدر صالح کا خیرمقدم کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ ہندوستان اور مالدیپ کے درمیان دوستانہ تعلقات میں گزشتہ چند برسوں میں نئی قوت آئی ہے ، ہماری قربتیں بڑھی ہیں۔ وبائی امراض سے درپیش چیلنجوں کے باوجود ہمارا تعاون ایک وسیع شراکت داری کی شکل اختیار کر رہا ہے ۔وزیر اعظم نے کہا کہ انہوں نے آج صدر صالح کے ساتھ مختلف موضوعات پر وسیع بات چیت کی۔ انہوں نے دوطرفہ تعاون کی تمام جہتوں کا جائزہ لیا اور اہم علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔