مانسون کے دوران مرمتی کاموں کیلئے برقی ملازمین کو عصری آلات کی فراہمی

   

صدرنشین پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی جتیش پاٹل نے سائبر آباد سرکل کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا
حیدرآباد ۔18 ۔ جون (سیاست نیوز) مانسون کے دوران برقی کی موثر سربراہی اور حادثات کی روک تھام کیلئے پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی نے احتیاطی تدابیر پر مشتمل ایکشن پلان تیار کیا ہے ۔ سائبر آباد سرکل میں عہدیداروں نے دورہ کرتے ہوئے برقی کھمبوں اور برقی لائنوں کا جائزہ لیا۔ برقی لائنوں میں رکاوٹ بننے والے درختوں کی شاخوں کو کاٹنے کیلئے اقدامات کئے گئے۔ کمپنی کے صدرنشین و مینجنگ ڈائرکٹر جتیش پاٹل نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ مانسون کے اختتام تک فیلڈ پر دستیاب رہیں تاکہ کسی بھی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جاسکے۔ سائبر سٹی سرکل کے برقی عہدیداروں کو عصری آلات حوالے کئے گئے تاکہ برقی میں رکاوٹ کی صورت میں مرمتی کام فوری انجام دیئے جائیں۔ چیف انجنیئر ایل پانڈیا نے کونڈا پور ، کوکٹ پلی ہاؤزنگ بورڈ کالونی اور گچی باؤلی سیکشنوں میں مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے صورتحال کا جائزہ لیا۔ برقی ملازمین کو مرمتی کاموں کی انجام دہی کیلئے عصری آلات فراہم کئے گئے ، خاص طورپر درختوں کی شاخوں کی صفائی کیلئے مشین حوالے کی گئی۔ کئی مقامات پر برقی لائنوں میں درختوں کی شاخوں کو پایا گیا جو حادثہ کا سبب بن سکتے ہیں۔ بارش کے دوران بلا وقفہ سربراہی کے علاوہ ٹرانسفارمرس اور فیلڈرس کو تکنیکی مسائل سے بچانے کیلئے عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ۔ جتیش پاٹل شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے عوام کی سیفٹی اور معیاری برقی سربراہی کے اقدامات کر رہے ہیں۔ اس موقع پر سپرنٹنڈنگ انجنیئر چندر شیکھر ، ڈیویژنل انجنیئر شیام کمار اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔1/k/m/b