حیدرآباد۔17اپریل(سیاست نیوز) عالمی سطح پر ماڈرن حیدرآباد کی شناخت بنانے میں تلگو دیشم نے اہم رول ادا کیا ہے۔ صدر تلگودیشم این چندرابابونائیڈو نے این ٹی آر ٹرسٹ بھون میں دعوت افطار سے خطاب میں یہ بات کہی ۔ انہوں نے بتایا کہ متحدہ آندھراپردیش میں تلگودیشم حکومت نے شہر حیدرآباد کی ترقی کیلئے متعدد پراجکٹس کا آغاز کیا جن میں جینوم ویلی بھی شامل ہے جہاں تیار ہونے والی کوروناوائرس کے ٹیکہ آج دنیابھر میں سربراہ کئے جا رہے ہیں۔ حیدرآباد کو تلگودیشم نے انفارمیشن ٹکنالوجی کے مرکز میں تبدیل کیا جس کے نتیجہ میں آج دنیا کی اہم ترین کمپنیاں حیدرآباد میں سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔ تلگودیشم نے شمس آباد انٹرنیشنل ائیر پورٹ کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے شہر کی مجموعی ترقی بالخصوص پرانے شہر کی ترقی کا منصوبہ تیار کیا تھا ۔ چندرابابو نائیڈو نے کہا کہ متحدہ ریاست میں تلگو دیشم نے اپنے اقتدار میں اردو زبان کو 14 اضلاع میں دوسری سرکاری زبان کا موقف فراہم کیا تھا اور تلگودیشم پارٹی ہی تھی جس نے حیدرآباد سے راست جدہ پروازوں کا آغاز کیا اور قلب شہر میں حج ہاؤز کی تعمیر عمل میں لائی گئی جہاں عازمین حج کو تمام تر سہولتوں کی فراہمی عمل میں لائی جاتی رہی ہیں۔ تلگو دیشم کی دعوت افطار میں نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خان‘مولانا حافظ محمد رضوان قریشی خطیب و امام مکہ مسجد‘ ریاستی صدر تلگو دیشم کاسانی گیانیشور راؤ‘ جناب علی بن ابراہیم مسقطی نائب صدرتلنگانہ تلگودیشم ‘ جناب عمر خان‘ جناب انیس خان‘ مسٹر آر ۔ چندر شیکھر و دیگر قائدین موجود تھے۔ چندرا بابو نائیڈو نے افطار سے قبل خطاب میں کہا کہ تلگو دیشم اپنے اصولوں پر کاربند ہے اور تمام طبقات کی یکساں ترقی کو یقینی بنانے پر یقین رکھتی ہے۔انہوں نے تلنگانہ کے مسلمانو ںکو ماہ رمضان المبارک کی مبارکباد پیش کی اور عید الفطر کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے پیشگی مبارکباد دی۔م