میلبورن۔ حیدرآبادی فاسٹ بولر محمد سراج نے 7 سالہ قدیم ریکارڈ توڑدیا ہے جیسا کہ وہ سات سالوں میں ہندوستان کے لئے پہلے ٹسٹ میچ میں ہی 5 وکٹیں لینے والے پہلے کھلاڑی بن گئے جب انہوں نے میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹسٹ میچ میں 36.3 اوورز میں 77 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کی۔ سراج کو دونوں اننگز میں کیمرون گرین کی وکٹ حاصل ہوئی جبکہ ان کے نام مارنس لیبس شیگن (پہلی اننگز میں) اور ٹریوس ہیڈ اور ناتھن لیون (دوسری اننگز میں) کی وکٹیں درج ہوئی ہیں۔ اس ٹسٹ میں سراج کو اپنی صلاحتیوں کا مظاہرہ کرنے کا اس وقت موقع ملا جب ٹیم کے صف اول کے بولر محمد سمیع زخمی ہوکر سیریز سے باہر ہوئے ہیں۔حسن اتفاق سے محمدسمیع اس سے قبل ہندوستان کیلئے یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔سمیع نے نومبر 2013 میں کولکتہ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنا پہلا ٹسٹ کھیلا تھا جس میں انہوں نے نو وکٹس حاصل کئے تھے۔ آف اسپنر آر اشون جو میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں ہندوستانی ٹیم کا حصہ رہے انہوں نے نومبر 2011 میں دہلی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنے ٹسٹ کرئیر کا آغاز کیا تھا اور پہلے ہی ٹسٹ میں انہوں نے پانچ وکٹیں حاصل کی۔علاوہ ازیں انہوں نے اس ٹسٹ میں 9 وکٹیں حاصل کی تھی۔ تیسرے دن کے کھیل کے بعد سراج نے کہا کہ انہوں نے ڈاٹ بالز اور میڈین اوورس کرنے پر توجہ دی اور کچھ بھی مختلف کرنے کی کوشش نہیں کی ہے۔ انہوں نے اپنے پہلے ٹسٹ کے دوران ان کی حوصلہ افزائی کرنے کاسہرا سینئر بولر جسپریت بمراہ کو بھی دیا۔ آس پاس کے ایک سینئر کی موجودگی سے جونیئر کو ہمیشہ مدد ملتی ہے۔ ہر گیند کے بعد وہ (بمراہ) میرے پاس آرہے تھے اور میری حوصلہ افزائی کررہے تھے اور مجھے ہر گیند پر اپنی توجہ مرکوز کرنے اور پرسکون رہنے کا مشورہ دے رہے تھے۔
محمد سراج اور گل کامیابی کے معمار:راہانے
میلبورن۔ ہندوستان کو باکسنگ ڈے ٹسٹ میں آسٹریلیا کے خلاف آٹھ وکٹ سے شاندار جیت دلانے والے کپتان اجنکیا رہانے نے کہا کہ انہیں اپنے سبھی کھلاڑیوں پر فخر ہے ۔ حقیقت میں سبھی نے اچھا کھیل کا مظاہرہ کیا۔ میں کامیابی کا سہرہ محمد سراج اور شبھمن گل کے سر باندھنا چاہتا ہوں ۔رہانے نے سیریز میں 1-1 کی برابری حاصل کرنے کے بعد کہا مجھے اپنے سبھی کھلاڑیوں پر فخر ہے جنہوں نے شاندار واپسی کرتے ہوئے ٹیم کو برابری دلائی۔ میں محمدسراج اور شبھمن گل کو مبارکباد دیتا ہوں جنہوں نے واقعی لاجواب کارکردگی پیش کی۔ کپتان نے کہا کہ دوسری اننگز میں زخمی ہونے کی وجہ سے امیش یادو نے تقریباًبولنگ نہیں کی ایسی حالت میں کھلاڑیوں جو ہمت دکھائی وہ قابل تعریف ہے ۔