سابقہ حکومت سے صرف ملازم سرکاری ہونے کا دعویٰ ، عہدیداروں کی قلت سے متعلق رپورٹ کی تیاری
حیدرآباد۔27۔ڈسمبر(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کے محکمہ اقلیتی بہبود میں دوبارہ خدمات کی انجام دہی کے لئے مؤظف عہدیدارکوششوں کا آغاز کرچکے ہیں اور اب یہ باور کروانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ انہیں سابقہ حکومت سے کوئی لگاؤ نہیں تھا اور ملازم سرکار ہونے کی وجہ سے وہ خدمات انجام دے رہے تھے لیکن اب ان کے نظریات سے میل کھانے والی حکومت اقتدار میں آئی ہے تو وہ دوبارہ ریاستی محکمہ اقلیتی بہبود کے کسی ادارہ میں خدمات انجام دینے کے خواہاں ہیں ۔ مؤظف عہدیداروں کی ان کوششوں کو وظیفہ حسن پر سبکدوش ہونے کے بعد بھی حکومت میں خدمات انجام دینے والے بعض عہدیداروں کی تائید حاصل ہورہی ہے لیکن اہم ذمہ داری پر موجود عہدیدار فوری طور پر اس طرح کے کسی فیصلہ کے حق میں نہیں ہے کیونکہ انہیں اس بات کا بھی یقین نہیں ہے کہ ان کی خدمات کو جاری رکھا جائے گا یا برخواست کردیا جائے گا!محکمہ اقلیتی بہبود میں عہدیداروں کی قلت کے سلسلہ میں مکمل تفصیلات سے واقف سیکریٹری برائے چیف منسٹر جناب شاہنواز قاسم آئی پی ایس کی جانب سے رپورٹ کی تیاری عمل میں لائی جا رہی ہے اور کہا جا رہاہے کہ وہ بھی بعض مؤظف عہدیداروں کی خدمات کے حصول کے حق میں ہیں جبکہ حکومت تلنگانہ محکمہ اقلیتی بہبود کے اداروں کی حالت کو بہتر بنانے کے حق میں ہے تو اسے مؤظف عہدیداروں کے بجائے نئے عہدیداروں کو ترقی دیتے ہوئے ان ادارہ جات کی ذمہ داری تفویض کرنے کے اقدامات کرنے چاہئے ۔ ذرائع کے مطابق وظیفہ یاب عہدیدارسابقہ حکومت میں اپنی کارکردگی کی رپورٹ کے ساتھ مختلف کانگریس قائدین سے رابطہ قائم کرتے ہوئے یہ باور کروانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ ان کی موجودگی محکمہ کی مستعدی اور نیک نامی کا سبب بن سکتی ہے جبکہ کئی گوشوں سے وظیفہ یاب عہدیداروں کے دوبارہ تقرر کے اقدامات کی شدت سے مخالفت کی جا رہی ہے اور کہا جا رہاہے کہ محکمہ اقلیتی بہبود کی تباہی کے ذمہ داروں کو ہی حکومت کی جانب سے دوبارہ تقرر کے اقدامات کئے جاتے ہیںتو ایسی صورت میں حکومت کی نیک نامی متاثر ہوگی۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے جو پالیسی اختیار کی گئی ہے اس کے مطابق کسی بھی مؤظف عہدیدار کی خدمات کو برقرار نہیں رکھا جائے گا بلکہ سابقہ حکومت کی جانب سے بھی جن عہدیداروں کی خدمات میں توسیع کی گئی ہے ان کی معیاد اور ذمہ داریوں کا جائزہ لیا جا رہاہے ۔3