آئمہ اور مؤذنین اعزازیہ، اوورسیز اسکالرشپ، فیس ری ایمبرسمنٹ اور دیگر اسکیمات شامل، تفسیر اقبال کے احکامات
حیدرآباد 20 مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے مالیاتی سال 2024-25 کے تحت اقلیتی اسکیمات پر عمل آوری کے لئے 190 کروڑ 82 لاکھ 23 ہزار روپئے بجٹ منظور کیا ہے۔ اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود تفسیر اقبال نے جی او آر ٹی 45 جاری کیا جس کے تحت مختلف اسکیمات پر عمل آوری کی راہ ہموار ہوئی ہے۔ حکومت نے اقلیتی امیدواروں کی ٹریننگ اینڈ ایمپلائمنٹ اسکیم کے لئے 1.37 کروڑ روپئے مختص کئے تھے جن میں سے 1.02 کروڑ جاری کئے گئے اور مزید 34.25 لاکھ کی اجرائی باقی ہے۔ اقلیتی فینانس کارپوریشن کے تحت بینکوں سے مربوط سبسیڈی اسکیم کے لئے 36.66 کروڑ بجٹ میں مختص کئے گئے جبکہ 27.50 کروڑ جاری کئے گئے۔ اسکیم کے لئے مزید 9.16 کروڑ کی اجرائی باقی ہے۔ اقلیتی فینانس کارپوریشن کے تحت مختلف اسکیمات پر عمل آوری کے لئے 25 کروڑ کی اجرائی عمل میں آئی ہے۔ حکومت نے اقلیتوں کے سرکاری ہاسٹلس کے لئے 55 لاکھ روپئے جاری کئے۔ اقلیتی طلبہ کے اسکالرشپ کیلئے 17.70 کروڑ جبکہ فیس باز ادائیگی اسکیم کے لئے 59 کروڑ جاری کئے گئے۔ میناریٹیز اسٹڈی سرکل کے لئے 62.5 لاکھ اور اوورسیز اسکالرشپ اسکیم کے لئے 29.50 کروڑ مختص کئے گئے۔ دائرۃ المعارف العثمانیہ کے لئے 50 لاکھ روپئے جبکہ اُردو اکیڈیمی کے لئے 29.25 لاکھ اور وقف ٹریبونل کے لئے 5.01 لاکھ کی اجرائی عمل میں لائی گئی۔ وقف بورڈ کو آئمہ اور مؤذنین کے اعزازیہ کی اسکیم پر عمل آوری کے لئے 29.87 کروڑ مختص کئے گئے اور اسکیم کے لئے مزید 8.62 کروڑ کی اجرائی باقی رہے گی۔ وقف سروے کمیشن کے لئے 4.6 لاکھ مختص کئے گئے۔ سنٹر فار ایجوکیشن ڈیولپمنٹ آف میناریٹیز (سی ای ڈی ایم) کے لئے 66.67 لاکھ بجٹ مختص کیا گیا جس میں سے 50 لاکھ کی اجرائی عمل میں آئی ہے۔ مکہ مسجد اور شاہی مسجد کے لئے 62.5 لاکھ جاری کئے گئے۔ حکومت نے پہلے سہ ماہی کے تحت 190.82 کروڑ جاری کئے ہیں اور مزید 63.60 کروڑ کی اجرائی باقی رہے گی۔ 1