محکمہ رجسٹریشن کو یومیہ 30 کروڑ سے زائد آمدنی

   

اراضیات کی مارکٹ قدر میں نظرثانی پر 15 دن میں 500 کروڑ روپئے کا فائدہ
حیدرآباد /18 فروری ( سیاست نیوز ) محکمہ رجسٹریشن سے سرکاری خزانہ کو یومیہ 30 کروڑ سے زائد آمدنی ہو رہی ہے ۔ اراضیات کی مارکٹ قدر میں اضافہ کے بعد 15 دن میں 500 کروڑ کی آمدنی ہوئی ۔ تلنگانہ میں زرعی غیر زرعی اراضیات و جائیدادوں کی مارکٹ قدر میں اضافہ کے بعد آمدنی میں زبردست اضافہ ہوا ہے ۔ یکم تا 17 فروری تک ریاست میں 16 ہزار سے زائد جائیدادوں کی لین دین ہوئی ہے ۔ جس سے سرکاری خزانے کو 502.87 کروڑ روپئے کی آمدنی ہوئی ہے ۔ محکمہ رجسٹریشن کے اعداد و شمار سے اس کا پتہ چلا ہے ۔ روزآنہ 30 کروڑ سے زائد کی آمدنی صرف غیر زرعی اراضیات اور جائیدادوں کے رجسٹریشن سے ہوئی ہے ۔ زرعی اراضیات کے رجسٹریشن سے مزید 100 کروڑ روپئے کی آمدنی ہونے کا امندازہ لگایا جارہا ہے ۔ ماہ فروری کے اواخر تک مزید 500 کروڑ روپئے کی آمدنی ہونے کا عہدیداروں کی جانب سے اندازہ لگایا جارہا ہے ۔ جاریہ مالیاتی سال 2021-22 میں حکومت نے محکمہ رجسٹریشن سے 12 ہزار کروڑ روپئے کی آمدنی ہونے کا اندازہ لگایا تھا ۔ 15 فروری تک حکومت کو 10 ہزار کروڑ روپئے کی آمدنی محکمہ رجسٹریشن سے ہوئی ہے ۔ اسٹامپ کی فروختگی سے ہونے والی آمدنی کو شمار کرلیا جائے تو آمدنی بڑھ کر 12 ہزار کروڑ روپئے تک پہونچ چکی ہے ۔ واضح رہے کہ گذشتہ سال جولائی میں ہی حکومت نے اراضیات کی مارکٹ قدر میں اضافہ کیا تھا ۔ یکم فروری کو حکومت نے دوبارہ زرعی اور غیر زرعی اراضیات کی مارکٹ قدر میں نظرثانی کی تھی ۔ جس سے حکومت کی آمدنی میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ امید کی جارہی ہے کہ جاریہ مالیاتی سال کے اختتام تک حکومت کو محکمہ رجسٹریشن سے 15 ہزار کروڑ روپئے کی آمدنی ہوگی۔ ن