کئی سابق طلبہ اعلیٰ عہدوں پر فائز، محمد جمال شریف ایڈوکیٹ کا دورہ اور بچپن کی یادیں تازہ
جنگاؤں ۔ 9اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع پریشد ہائی اسکول، مدور (اردو میڈیم) کے سابق طالب علم اور ایڈووکیٹ محمد جمال شریف ایڈوکیٹ، وائس چیئرمین ٹی پی سی سی مائنارٹی ڈیپارٹمنٹ و سکریٹری ڈی سی سی جنگاؤں نے اپنے سابق تعلیمی ادارے کا دورہ کرتے ہوئے اساتذہ سے ملاقات کی اور اپنی طالب علمی کے دور کی یادیں تازہ کیں محمد جمال شریف ایڈوکیٹ نے بتایا کہ وہ 1983ء میں اسی اسکول کے طالب علم تھے، جبکہ ان کے والد محمد رضا مرحوم نے 1980ء سے 1982ء تک اسی اسکول میں ہیڈ ماسٹر کے فرائض انجام دیے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مدور ہائی اسکول کی ایک شاندار تعلیمی تاریخ ہے۔ یہاں سے تعلیم حاصل کرنے والے کئی طلبہ آج اعلیٰ عہدوں پر فائز ہیں۔ پروفیسر ہاشم علی اختر، وائس چانسلر عثمانیہ یونیورسٹی و علی گڑھ یونیورسٹی، اور کمال الدین احمد ، مرکزی حکومت میں وزیر، بھی اسی اسکول کے سابق طلبہ میں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ متعدد سابق طلبہ امریکہ، سعودی عرب اور دیگر ممالک میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اردو میڈیم سے تعلیم حاصل کرنا ان کیلئے بھی بہت فائدہ مند ثابت ہوا اور مناسب رہنمائی و مواقع میسر ہوں تو اردو میڈیم کے طلبہ زندگی کے ہر شعبے میں نمایاں مقام حاصل کرسکتے ہیں۔اسکول پہنچنے پر صدر مدرس سید سرور محی الدین حسینی اور جملہ اساتذہ نے محمد جمال شریف کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ انہوں نے اسکول کی تعلیمی سرگرمیوں، مختلف شعبہ جات اور طلبہ کی ترقی سے متعلق معلومات حاصل کیں۔اس موقع پر طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے محنت و لگن سے تعلیم حاصل کرنے، اساتذہ کا احترام کرنے اور مستقبل کیلئے بلند اہداف مقرر کرنے پر زور دیا۔ اس موقع پر ایم ای او وردا راجو، محمد خواجہ اور محمد خواجہ مجتہدالدین بھی موجود تھے۔ صدر مدرس سید سرور محی الدین حسینی نے سابق طالب علم محمد جمال شریف ایڈوکیٹ کے دورے پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ سابق طلبہ کا اپنے مادرِ علمی سے رابطہ برقرار رکھنا موجودہ طلبہ کیلئے حوصلہ افزائی کا باعث بنتا ہے۔