مرکز نے 6 ماہ میں آندھرا پردیش کیلئے 3 لاکھ کروڑ کے پراجکٹس منظور کئے: امیت شاہ

   

مودی ۔ بابو جوڑی ترقی کی ضمانت، اسٹیل پلانٹ اور پولاورم پراجکٹ کیلئے ممکنہ تعاون، این ڈی آر ایف کے کیمپس کا امراوتی میں افتتاح
آندھرا پردیش کو وینٹلیٹر سے نکالنے میں مرکز کا تعاون، چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو کا خطاب
حیدرآباد۔/19 جنوری، ( سیاست نیوز) مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا کہ نریندر مودی کی زیر قیادت مرکزی حکومت نے آئندہ 6 ماہ میں آندھرا پردیش کیلئے 3 لاکھ کروڑ کے پراجکٹس کی منظوری دی ہے۔ امیت شاہ آج امراوتی میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ڈیزاسٹر مینجمنٹ(NIMD) سدرن کیمپس اور نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (NDRF) کے دسویں بٹالین کیمپس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ امیت شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے امراوتی دارالحکومت کی ترقی کیلئے ہڈکو اور ورلڈ بینک کے ذریعہ 27000 کروڑ کی فراہمی کو یقینی بنایا ہے۔ سابق وائی ایس آر کانگریس حکومت پر تنقید کرتے ہوئے امیت شاہ نے کہا کہ گذشتہ پانچ برسوں میں ترقی کو نظرانداز کردیا گیا تھا۔ چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو اور وزیر اعظم نریندر مودی ریاست کی ترقی کیلئے مشترکہ طور پر کام کررہے ہیں۔ میں اس بات کا یقین دلاتا ہوں کہ وزیر اعظم نریندر مودی مرکز میں چندرا بابو نائیڈو کی مدد کیلئے ایک چٹان کی طرح کھڑے ہیں اور آندھرا پردیش کی جامع ترقی دونوں کا بنیادی مقصد ہے۔ این ڈی آر ایف کی کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے امیت شاہ نے کہا کہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے شعبہ میں ہندوستان دنیا میں قائدانہ رول میں ہے۔ ڈیزاسٹر انفرااسٹرکچر کے شعبہ میں ہندوستان دنیا کی رہنمائی کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف آفات سماوی بلکہ مصنوعی تباہی کی صورت میں این ڈی آر ایف اہم رول ادا کرتا ہے۔ امیت شاہ نے کہا کہ ہریانہ اور مہاراشٹرا کی طرح دہلی میں بی جے پی کو کامیابی حاصل ہوگی۔ امیت شاہ نے کہا کہ وشاکھاپٹنم اسٹیل پلانٹ کیلئے مرکز نے 11440 کروڑ کی امداد فراہم کی ہے۔ اسٹیل پلانٹ کے احیاء کیلئے حکومت مکمل تعاون کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ امراوتی کی تعمیر کیلئے چندرا بابو نائیڈو کی کاوشیں قابل قدر ہیں لیکن گذشتہ پانچ برسوں میں تعمیری کام متاثر ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش کا پولاورم پراجکٹ 2028 تک مکمل ہوجائے گا۔ وشاکھاپٹنم گرین اِنرجی کیلئے 2 لاکھ کروڑ مختص کئے گئے ہیں۔ ایمس کے قیام کیلئے 1600 کروڑ جبکہ قومی شاہراہوں کی تعمیر کیلئے 20000 کروڑ مختص کئے گئے ہیں۔ چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو نے امیت شاہ کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ان کا انداز کارکردگی مثالی ہے۔ 2014 میں این ڈی آر ایف کے کیمپس کیلئے اراضی مختص کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ آفاتی سماوی میں این ڈی آر ایف کی خدمات مثالی ہیں۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ مرکزی حکومت کی مدد سے آندھرا پردیش کو وینٹلیٹر سے باہر نکالا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کے وقت آندھرا پردیش وینٹلیٹر پر تھی اور مرکزی حکومت کے تعاون سے یہ صورتحال ختم ہوئی ہے۔ آندھرا پردیش کیلئے ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔ امراوتی دارالحکومت کیلئے مرکز نے15000 کروڑ مختص کئے ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے وشاکھاپٹنم ریلوے زون کا حال ہی میں سنگ بنیاد رکھا۔ ملک کی ترقی میں آندھرا پردیش کی حصہ داری میں اضافہ کیلئے مرکز کی جانب سے مزید تعاون کی ضرورت ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر پون کلیان نے آندھرا پردیش کی ترقی میں تعاون پر وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ سے اظہار تشکر کیا۔ اس موقع پر مرکزی وزراء رام موہن نائیڈو اور بنڈی سنجے کمار موجود تھے۔1