مرکزی ٹیم کا شہر میں ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیر کا جائزہ

   

مکانات کی تعداد اور معیار پر توجہ، ورنگل میں بھی ٹیم کا دورہ
حیدرآباد۔ مرکزی وزارت امکنہ اور شہری اُمور کے عہدیداروں نے حیدرآباد میں تعمیر کئے جانے والے ڈبل بیڈ روم مکانات اسکیم کا جائزہ لیا۔ مرکزی ٹیم نے کٹل منڈی ( نامپلی ) ، چلکل گوڑہ اور جواہر نگر میں ڈبل بیڈ روم مکانات اسکیم پر عمل آوری کا جائزہ لیا۔ 5 مرکزی عہدیداروں نے مختلف ٹیموں کی طرح تعمیری کاموں کا معائنہ کیا۔ ہر علاقہ میں تعمیری کئے جانے والے مکانات کی تعداد، استعمال ہونے والے میٹریل اور مکانات میں دی جارہی سہولتوں کے بارے میں معلومات حاصل کئے ہیں۔ عہدیدار اپنی رپورٹ مرکزی وزارت کو پیش کریں گے۔ گذشتہ دو دنوں کے دوران مرکزی ٹیم نے ورنگل اور سنگاریڈی کا دورہ کرتے ہوئے وہاں کی تعمیری سرگرمیوں کا معائنہ کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ حیدرآباد میں مکانات کے تعمیری کاموں کے موقف کا پتہ چلانے کیلئے مرکزی ٹیم حیدرآباد پہنچی ہے۔ یہ ٹیم دیگر ریاستوں کا بھی دورہ کرے گی۔ واضح رہے کہ تلنگانہ میں ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیر تنازعہ کا سبب بن چکی ہے۔ کانگریس ، بی جے پی اور دیگر اپوزیشن جماعتوں نے حکومت پر اسکیم پر عمل آوری میں ناکامی کا الزام عائد کیا۔ بلدی انتخابات سے قبل وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ نے شہر کے بعض علاقوں میں تعمیر کردہ مکانات استفادہ کنندگان میں الاٹ کئے ہیں۔ ستمبر 2020 میں سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا نے مختلف علاقوںمیں تعمیری کاموں کا جائزہ لیا تھا اور وزیر انیمل ہیسبنڈری سرینواس یادو نے انہیں بعض علاقوں کا دورہ کرایا تھا لیکن تعمیر کردہ مکانات کی تعداد کے مسئلہ پر تنازعہ پیدا ہوگیا۔