مرگ کے موقع پر نمائش میدان پر مچھلی میں دوا کی تقسیم

   

8 جون کو آغاز، حکومت کی جانب سے وسیع تر انتظامات
حیدرآباد 20 مئی (سیاست نیوز) حیدرآباد میں ہر سال کی طرح مرگ کے موقع پر بیتھنی خاندان کی جانب سے دمہ کے مریضوں کیلئے مچھلی میں دوا دینے نمائش میدان نامپلی پر انتظامات کئے جارہے ہیں۔ بیتھنی خاندان کی جانب سے ’فش پرسادم‘ کے نام سے 8 جون کو صبح 11 بجے دوا پلانے کا آغاز ہوگا اور یہ سلسلہ 9 جون کی صبح 10 بجے تک جاری رہے گا۔ بیتھنی خاندان کے نمائندوں بیتھنی امرناتھ گوڑ، بیتھنی شیوا شنکر گوڑ، بیتھنی گوری شنکر گوڑ، بیتھنی سنتوش گوڑ اور دوسروں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے دعویٰ کیاکہ ہر سال ہندوستان کے مختلف شہروں سے ہزاروں دمہ اور دیگر امراض کا شکار افراد مچھلی کی دوا کیلئے حیدرآباد پہونچتے ہیں۔ مانسون کے آغاز پر جسے مرگ بھی کہا جاتا ہے، یہ دوا دی جاتی ہے۔ نمائش میدان پر خصوصی انتظامات کیلئے تلنگانہ حکومت سے نمائندگی کی گئی ہے۔ حکومت کے مختلف محکمہ جات کی جانب سے انتظامات کئے جاتے ہیں۔ فشریز ڈپارٹمنٹ کی جانب سے خصوصی کاؤنٹرس کے ذریعہ مچھلی فروخت کی جاتی ہے۔ نمائش میدان میں عوام کی کثیر تعداد کو دیکھتے ہوئے رضاکارانہ تنظیموں کی جانب سے پینے کے پانی اور دیگر سہولتوں کا انتظام کیا جاتا ہے۔ بیتھنی خاندان نے دودھ باؤلی میں دوا دینے کا آغاز کیا تھا لیکن بعد میں مقام تبدیل کردیا گیا۔ 1