مسلم جنرل ہاسپٹل ٹولی چوکی میں آئی سی یو اور کریٹیکل کئیر خدمات کا افتتاح

   

بیرسٹر اسدالدین اویسی ، محمد علی شبیر اور ملک معتصم خان کی شرکت
حیدرآباد ۔ 24 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : مسلم جنرل ہاسپٹل، ٹولی چوکی میں انٹینسیو کیئر یونٹ (آئی سی یو) اور کریٹیکل کیئر خدمات کے آغاز کے موقع پر افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں رکن پارلیمنٹ حیدرآباد بیرسٹر اسد الدین اویسی، صدر اسلامک سوشل سروس سوسائٹی و امیرِ حلقہ جماعت اسلامی ہند، حلقہ تلنگانہ جناب محمد اظہرالدین، نائب امیر جماعت اسلامی ہند جناب ملک معتصم خان اور حکومتِ تلنگانہ کے مشیر جناب محمد علی شبیر سمیت دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔ مقررین نے ہاسپٹل میں آئی سی یو کے قیام کو عوام کو بہتر طبی سہولتیں فراہم کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔بیرسٹر اسدالدین اویسی نے کہا کہ مسلم جنرل ہاسپٹل میں آئی سی یو کا قیام غریبوں کے لیے بہتر علاج اور بڑی راحت کا ذریعہ بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ حکومتِ تلنگانہ سے نمائندگی کرتے ہوئے ہاسپٹل کو مزید ترقی دینے اور عوام کے لیے بہتر طبی سہولتیں فراہم کرنے کی کوشش کریں گے۔ جناب محمد اظہرالدین نے اپنے خطاب میں کہا کہ صحت کے شعبے میں خدمتِ خلق ایک اہم ملی اور سماجی ذمہ داری ہے۔ مسلم جنرل ہاسپٹل میں آئی سی یو خدمات کا آغاز اسی مقصد کی جانب ایک قابلِ ستائش قدم ہے۔ انہوں نے ہاسپٹل کی طبی خدمات کو مزید وسعت دینے اور ضرورت مندوں کو معیاری و قابلِ استطاعت علاج فراہم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کی ضروریات کے مطابق طبی سہولتوں میں اضافے کی کوششیں جاری رہیں گی۔حکومتِ تلنگانہ کے مشیر جناب محمد علی شبیر نے کہا کہ جماعت اسلامی ہند کی مذہبی، سماجی، تعلیمی اور طبی خدمات کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کی فلاح و بہبود کے لیے ان خدمات کی اہمیت مسلمہ ہے۔ انہوں نے مسلم جنرل ہاسپٹل کی جانب سے طبی سہولتوں میں اضافے کی کوششوں کو سراہا اور ہاسپٹل کی ترقی اور بہتر طبی سہولتوں کی فراہمی کے لیے حکومتی سطح پر ہر ممکن مدد کرنے کا وعدہ کیا۔ جناب ملک معتصم خان نے اپنے خطاب میں خدمتِ خلق، انسانی ہمدردی اور ضرورت مندوں تک بنیادی سہولتوں کی فراہمی کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور آئی سی یو کے قیام کو طبی خدمات کے فروغ کی جانب ایک قابلِ قدر پیش رفت قرار دیا۔مسلم جنرل ہاسپٹل کے چیف آپریٹنگ آفیسر (سی او او) جناب سید صلاح الدین نے اپنے خطاب میں ہاسپٹل میں موجودہ طبی سہولتوں، مختلف شعبہ جات کی خدمات اور مستقبل کے توسیعی منصوبوں کی تفصیلات پیش کیں۔ آئی سی یو کا آغاز ہاسپٹل کی طبی سہولتوں میں ایک اہم اضافہ ہے ، جس کا مقصد شدید بیمار مریضوں کی نگہداشت اور کریٹیکل کیئر خدمات کو فروغ دینا ہے۔تقریب کی نظامت جناب سید تنویرالحق نے انجام دی۔ اس موقع پر اسلامک سوشل سروس سوسائٹی حیدرآباد کے سکریٹری ڈاکٹر محمد مبشر احمد سوسائٹی کے ذمہ داران ، ہاسپٹل کے ڈاکٹرس، طبی و انتظامی عملے اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔ شرکاء نے ہاسپٹل کی ترقی اور عوام کو بہتر طبی سہولتوں کی فراہمی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔