نئی دہلی: مسلم خواتین کی تعلیم، ہنر مند اور خود کفیل ہونے پر زور دیتے ہوئے امام ربانی گروپ آف اسکول کی چیرپرسن اور عبدالرحیم ایجوکیشنل ٹرسٹ کی وائس چیرپرسن ڈاکٹر ثمرہ سلطانہ نے کہاکہ مسلم خواتین کوزیور تعلیم سے آراستہ کرنا اور ان کو خود کفیل بنانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے اور اس کے بغیر سماج میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔ یہ بات انہوں نے جے پور میں نسا فاؤنڈیشن کے تحت کام کاجی مسلم خواتین کو خود کفیل بنانے کے لئے منعقدہ ایک ورکشاپ میں کہی۔ انہوں نے کہاکہ آج خواتین تمام شعبہ حیات میں اپنی کامیابی و کامرانی کے جھنڈے گاڑ رہی ہیں، وہ نہ صرف بہترین سیاستداں ہیں بلکہ سائنس ٹکنالوجی، خلائی ٹیکنالوجی اور تمام شعبہ حیات میں اپنی خدمات انجام دے رہی ہیں۔ یہی نہیں گزشتہ کئی برسوں میں اسکولی تعلیم کے میدان میں لڑکیاں لڑکوں سے بازی مار رہی ہیں اور یہا ں تک سول سروس کے امتحانات میں بھی ٹاپ کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ضرورت اس بات کی ہے کہ مسلم خواتین بھی تمام شعبہ حیات میں پیشہ وارانہ کورسزمیں آگے آئیں تاکہ مسلم معاشرہ بھی آگے بڑھے۔