گوا : مسلمانوں کو ملک میں اپنی ملی و تہذیبی شناخت کے ساتھ اگر باقی رہنا ہے تو انھیں ایسے معیاری تعلیمی اداروں کی ضرورت ہے جو عصری تعلیم کے ساتھ ساتھ مذہبی و فکری تربیت سے بھی آراستہ کرے ۔اس فکر کا اظہارسرپرست جامعۃ المعارف و نامور اسلامک اسکالر مولانا الیاس ندوی بھٹکلی نے کیا ۔ موصوف گذشتہ کل مڈگاؤں گوا کے معروف تعلیمی ادارہ جامعۃ المعارف کے ۲۳؍ ویں سالانہ جلسہ میں اظہار خیال کررہے تھے ۔ جہاں مدرسہ کے دس حفاظ کرام کو سندِ فراغت عطاء کی گئی۔ مولانا الیاس ندوی نے اس موقع پر گوا کے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ نئی نسل کے ایمان و عقیدہ کی فکر کریں اور نوجوان لڑکیوں کے مُرتد ہوکر غیروں کے ساتھ رشتہ جوڑنے کے واقعات پر حکمت و تدّبر کے ساتھ قدغن لگائیں ۔آپ نے اس موقع پر گوا کے مسلمانوں سے یہ بھی اپیل کی کہ وہ اپنے خاندان کے کم از کم ایک بچے ، بچی کو دینی و مذہبی تعلیم سے جوڑیں ۔