مصالحے دار دھواں گوشت

   

اجزا: گوشت آدھا کلو، نمک حسبِ ذائقہ، ادرک لہسن پسا ہوا ایک کھانے کا چمچہ، پیاز دو عدد، ٹماٹر تین عدد، پسی ہوئی لال مرچ ایک چائے کا چمچہ، کٹی ہوئی لال مرچ ایک چائے کا چمچہ، ثابت لال مرچیں تین سے چار عدد، ثابت دھنیا ایک چائے کا چمچہ، سفید زیرہ ایک چائے کا چمچہ، دہی آدھی پیالی، بڑی ہری مرچیں تین سے چار عدد، کڑی پتے حسبِ پسند، کوکنگ آئل آدھی پیالی۔
ترکیب: بغیر ہڈی کے گوشت کی بوٹیوں کو صاف دھو لیں اور اس میں باریک چوپ کی ہوئی پیاز، ادرک لہسن، نمک اور پھینٹی ہوئی دہی ڈال کر ملائیں۔اسے درمیانی آنچ پر پکنے رکھ دیں، چار سے پانچ منٹ بعد آنچ ہلکی کر کے پکائیں۔اس دوران دھنیا، زیرہ بھون کر کوٹ لیں اور ٹماٹر کو باریک چوپ کر لیں۔پین میں چار کھانے کے چمچ کوکنگ آئل کو گرم کریں اور اس میں کڑی پتے ڈال کر کڑکڑا لیں۔پھر چوپ کئے ہوئے ٹماٹر پسی ہوئی اور کٹی ہوئی لال مرچ ڈال کر ہلکی آنچ پر اتنی دیر پکائیں کہ ٹماٹر مکمل طور پر گل جائیں۔اسے چولہے سے اُتار لیں۔چولہے پر کوئلے کے ایک ٹکڑے کو دہکا لیں اور اسے ٹماٹر کے مکسچر کے درمیان میں رکھ دیں۔فرائنگ پین میں کوکنگ آئل میں ثابت لال مرچوں کو فرائی کریں اور دہکتے ہوئے کوئلے پر ڈال کر ڈھک دیں۔تین سے چار منٹ بعد جب کوئلے کی خوشبو رچ جائے تو کوئلہ نکال دیں اور اس مصالحے کو گوشت میں شامل کر دیں۔اتنی دیر بھونیں کہ تیل علیحدہ ہو جائے پھر اس میں بھنا ہوا کٹا ہوا دھنیا، زیرہ اور ہری مرچیں ڈال کر ہلکی آنچ پر دم پر رکھ دیں۔گرم گرم نان کے ساتھ اس مہکتی ہوئی ڈش کو سرو کریں۔