ممبئی: ممبئی کی مقامی بوریولی عدالت نے معمر ملیالی مصنفہ شریمتی تھنکم کرشنن کرب جس پر گذشتہ دنوں ممبئی کے مضافات میں پڑوسی کے جھگڑے کے دوران قاتلانہ حملہ ہوا تھا اس کی کلیدی ملزمہ اسمیتا پنچال کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری کیا۔بوریولی کی 27 عدالت نے پہلے ملزمہ کے خلاف ضمانتی وارنٹ جاری کیا تھا لیکن اسکی مسلسل غیر حاضری کے سبب گذشتہ دنوں عدالت نے غیر ضمانتی وارنٹ جاری کیا ہے کیونکہ اس معاملے میں ملزمہ اور ان کا وکیل بھی عدالت میں حاضر نہیں رہتا۔واضح رہے کہ 2019 میں انکی ایک پڑوسن نے ایک جھگڑے کے دوران معمرمصنفہ پرقاتلانہ حملہ کیاتھا جس میں مصنفہ کی آنکھ کی روشنی چلی گئی تھی اور اس سانحہ کے بعداب تک وہ صاحب فراش ہے ۔ مصنفہ کے فرزندموہن کرشنن جو ایک غیر سرکاری تنظیم کے سربراہ ہیں انہوں نے کہا کہ ملزمہ کے خلاف بوریولی کی عدالت میں مقدمہ التواء میں پڑا ہو اہے اور عدالت نے اس کے خلاف ضمانتی و غیر ضمانتی وارنٹ بھی جا ری کیا ہے نیزانہیں یہ پتہ چلا ہے کہ ملزمہ نے ملک سے راہ فرار اختیار کرلی ہے۔