معیشت کی تیز رفتار ترقی، ہندوستانی اسٹاک مارکٹ دنیا کے ٹاپ 7 اداروں میں شامل

   

79.26 ٹریلین ڈالر کے ساتھ امریکہ سرفہرست، چین اور جاپان دوسرے اور تیسرے نمبر پر
حیدرآباد 30 جون (سیاست نیوز) اسٹاک مارکٹ کی سرگرمیاں کسی بھی ملک میں معاشی ترقی اور صنعتوں کے فروغ کو ثابت کرتی ہے۔ عالمی سطح پر 7 ممالک کے اسٹاک مارکٹ کی سرگرمیوں کو سروے میں شامل کیا گیا جس کے تحت امریکہ میں اسٹاک مارکٹ کو دیگر ممالک پر سبقت حاصل ہے۔ سروے کی خاص بات یہ رہی کہ ہندوستان دنیا کی 5 بڑی اسٹاک مارکٹ کی فہرست میں شامل ہے۔ چین، جاپان اور ہانگ کانگ کے اسٹاک مارکٹ اگرچہ فہرست میں شامل ہیں لیکن مارکٹ کیپٹل کے اعتبار سے امریکہ کے مقابلہ کافی پیچھے ہیں۔ امریکن اسٹاک مارکٹ کا مارکٹ کیپٹل 79.26 ٹریلین ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔ ویسے بھی عالمی سطح پر معاشی تبدیلیوں میں امریکی اسٹاک مارکٹ کا اہم رول ہوتا ہے۔ چین 15.23 ٹریلین ڈالر کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جبکہ جاپان اسٹاک مارکٹ کا مارکٹ کیپٹل 8.59 ٹریلین ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔ ہانگ کانگ 6.61 ٹریلین ڈالر کے ساتھ چوتھے مقام پر ہے۔ ہندوستان نے 5.04 ٹریلین ڈالر مارکٹ کیپٹل کے ذریعہ پانچواں مقام حاصل کیا ہے۔ تائیوان اور ساؤتھ کوریا کے اسٹاک مارکٹ بھی ٹاپ 7 ممالک میں شامل ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ہندوستان کی تیز رفتار معیشت نے اسٹاک مارکٹ کے کیپٹل کو مستحکم کیا ہے۔ اسٹاک مارکٹ کی کامیاب کارکردگی سرمایہ کاروں میں بڑھتے ہوئے اعتماد کا مظہر ہے۔ ملک میں کارپوریٹ سیکٹر کی توسیع کے لئے مرکزی حکومت کی میک اِن انڈیا پالیسی نے اہم رول ادا کیا ہے۔ کئی ریاستوں میں بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ہے اور خاص بات یہ ہے کہ ہندوستانی صنعت کاروں نے حالیہ دنوں میں امریکہ میں سرمایہ کاری کے معاہدات کئے۔ طویل مدتی مالیاتی ترقی اور عالمی معیشت پر ہندوستان کے مثبت اثرات میں اسٹاک مارکٹ کا استحکام اہم رول ادا کرے گا۔V/1/k/b